وزیراعظم کی امریکی عہدیدار سے ملاقات تجارت اور سرمایہ کاری میں جاری تعاون پر خیرمقدم
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان امریکا انرجی سیکیورٹی ڈائیلاگ کے انعقاد کو سراہا
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی محکمہ خارجہ میں توانائی کے وسائل بیورو کے اسسٹنٹ سیکریٹری جیفری پیاٹ سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان درمیان تجارت اور سرمایہ کاری، صحت، سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے شعبوں میں جاری مذاکرات اور تعاون کا خیرمقدم کیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان امریکا انرجی سیکیورٹی ڈائیلاگ کے انعقاد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان توانائی کے بنیادی ڈھانچے میں مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتا ہے تا کہ متبادل توانائی کی طرف منتقلی میں مدد ملے۔
ملاقات کے دوران اقتصادی ترقی، توانائی کی حفاظت، سیلاب سے بحالی کی طویل مدتی کوششوں میں شراکت داری، اور دونوں ممالک کے درمیان مجموعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاک امریکہ انرجی سیکیورٹی ڈائیلاگ ایک مشترکہ اقدام ہے جس کا مقصد توانائی کی حفاظت کو فروغ دینا ہے اور یہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ توانائی کی ترجیحات، قابل تجدید توانائی کی منتقلی کو آگے بڑھانے، اور توانائی کے شعبے میں اقتصادی اور تجارتی مواقع کی تلاش کے لیے اعلیٰ سطحی بات چیت کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔
علاوہ ازیں ملاقات کے دوران اسسٹنٹ سیکرٹری برائے سمندر، ماحولیات اور سائنس میڈینا نے وزیر اعظم شہباز شریف کو بتایا کہ وہ پاک امریکا موسمیاتی اور ماحولیات ورکنگ گروپ کی میٹنگز کے لیے ایک وفد کی قیادت کر رہی ہیں۔
انہوں نے اس عزم کی تعریف کی جس کے ساتھ حکومت پاکستان نے گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کا سامنا کیا۔ پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری برائے جنوبی وسطی ایشیا، محترمہ الزبتھ ہورسٹ، اور چیف کلائمیٹ آفیسر، ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی)، مسٹر جیک لیوین بھی وفد میں شامل تھے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے پاور انجینئر خرم دستگیر، مشیر وزیراعظم احد چیمہ، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک، وزیراعظم کے معاونین خصوصی طارق فاطمی، جہانزیب خان اور سید فہد حسین نے بھی شرکت کی۔