پاکستان کا عالمی بانڈ 6 دنوں سے مندی کا شکار

آئی ایم ایف پروگرام شروع ہونے تک بانڈز کی قیمت میں اتار چڑھاؤ رہیگا، سمیع اللہ طارق

آئی ایم ایف پروگرام شروع ہونے تک بانڈز کی قیمت میں اتار چڑھاؤ رہیگا، سمیع اللہ طارق۔ فوٹو: فائل

پاکستان کے بین الاقوامی بانڈ کی قیمت مسلسل چھٹے دن مندی کا شکار رہی جب کہ بانڈ کی پیداوار ایک دن میں 16 فیصد بڑھ کر بدھ کو بین الاقوامی مارکیٹ میں تقریباً 106 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

بانڈ کی قیمت اور اس کی پیداوار مخالف سمت میں چلتی ہے، قیمت میں تازہ ترین کمی اور پیداوار میں اضافہ دونوں بتاتے ہیں کہ پاکستان کے غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی میں نادہندہ ہونے کا خطرہ ہے، جس میں عالمی بانڈ کی معیاد پوری ہونے پر ادائیگیاں بھی شامل ہیں۔

بحران کے درمیان ادائیگیوں کا توازن مزید بگڑ گیا،لاہور میں عمران خان کی گرفتاری کیلئے اہلکاروں اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان تصادم سے ملک میں سیاسی درجہ حرارت بھی بڑھ گیا ہے،جس نے معیشت کو ہلا کر رکھ دیا۔


مقامی ریسرچ ہاؤسز کے مرتب کردہ اور رپورٹ کردہ ڈیٹا کے مطابق پاکستانی 10 سالہ خودمختار عالمی بانڈ کی مالیت 1 ارب ڈالر ہے،یہ 15 اپریل 2024 کو اپنی معیاد پوری کر لے گا، یعنی حکومت بانڈ کے سرمایہ کاروں کو ادھار کی رقم واپس کر دے گی۔

ایکسپریس ٹریبیون سے بات کرتے ہوئے پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے شعبہ تحقیق کے سربراہ سمیع اللہ طارق نے کہا کہ جب تک آئی ایم ایف پاکستان کیلیے 6.5 ارب ڈالر کا قرض پروگرام دوبارہ شروع نہیں کرتا تب تک بانڈز کی قیمت اور پیداوار میں اتار چڑھاؤ رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ گراس فنانسنگ سہولت کا حصول بانڈ کے سرمایہ کاروں کیلئے اس بات کو یقینی بنائے گا کہ پاکستان کا ادائیگی کا توازن بہتر ہوا ہے اور یہ 2024 میں بانڈ کے سرمایہ کاروں کو ادائیگی وقت پر کرے گا۔
Load Next Story