پولیس مقابلے میں گرفتار ملزم کا بفرزون میں بلڈر کو قتل کرنے کا انکشاف
پولیس کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے
شاہراہ نورجہاں پولیس کے ہاتھوں مبینہ مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار ملزم روی گوپال نے دوران تفتیش گزشتہ ماہ بلڈر کو قتل کرنے کا انکشاف کردیا۔
رپورٹ کے مطابق شاہراہ نورجہاں پولیس کے ہاتھوں دو روز قبل کٹی پہاڑی کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس نے تیموریہ تھانے کی حدود میں بلڈر کو قتل کیا تھا۔
زخمی حالت میں گرفتار ملزم روی ولد گوپال نے انکشاف کیا کہ گرفتار کے وقت اس کا ساتھی بہادر علی اور فضل کالا بھی اس کے ساتھ تھا تاہم پولیس کو دیکھ وہ موقع سے فرار ہوگیا تھا۔
ملزم روی گوپال نے دوران تفتیش بتایا کہ ان کا 3 رکنی گروہ ہے جو گھروں میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور دوران ڈکیتی شہریوں کے قتل کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
ملزم روی نے 18 فروری 2023 کو تیموریہ تھانے کی حدود بفرزون سیکٹر 15/A-1 مکان نمبر R/474 کے باہر بلڈر سمیر کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ بلڈر سمیر نے دوران ڈکیتی اس کے ایک ساتھی راشد کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا۔
ملزم نے بتایا کہ جس موقع پر راشد کو ہلاک کیا گیا تھا تو بہادر علی بھی اس کے ساتھ تھا تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ گرفتار ملزم اور اس کے ساتھی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے دوران شہریوں کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیتے تھے تاکہ وہ آسانی سے فرار ہو جائیں۔
واضح رہے کہ مقتول سمیر کے قتل کا مقدمہ الزام نمبر 101/2023 بجرم دفعہ 302 ، 397 ، 34 کے تحت مقتول 30 سالہ محمد سمیر ولد محمد سلیم اس کی چھوٹی بہن عائشہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔