پاکستان کا ایٹمی اور میزائل پروگرام بالکل محفوظ ہے وزیراعظم

پاکستانی ایٹمی ومیزائل پروگرام آئی اے ای اے کے تصدیق شدہ فول پروف حفاظتی انتظامات کے تحت ہے، شہباز شریف


Numainda Express March 16, 2023
جوہری اور میزائل پروگرام سے متعلق حالیہ تمام بیانات مسترد

وزیراعظم آفس نے پاکستان کے جوہری اور میزائل پروگرام کے حوالے سے سوشل اور پرنٹ میڈیا میں گردش کرنے والے حالیہ تمام بیانات کو مسترد کر دیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے قیاس آرائیوں کو افسوسناک قرار دے دیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا ہے کہ پریس ریلیزز ، سوالات اور مختلف دعوؤں میں پرامن ایٹمی پروگرام کے حوالے سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈی جی رافیل ماریانو گروسی کے معمول کے دورے کے کو منفی رنگ دیا جا رہا ہے، اس تناظر میں یہ واضح کیا جاتا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی اور میزائل پروگرام ایک قومی اثاثہ ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ریاست پاکستان ہر طرح سے اس پروگرام کی حفاظت کی ذمہ دار ہے، یہ پروگرام مکمل طور پر محفوظ، فول پروف اور کسی بھی دباؤ سے ماورا اور آزاد ہے۔

وزیراعظم آفس نے مزید کہا کہ یہ پروگرام اس مقصد کو ہر طرح سے پورا کرتا ہے جس کے لیے یہ صلاحیت تیار کی گئی تھی۔

دوسری جانب شہباز شریف نے سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ 'پاکستان کے ایٹمی اور میزائل پروگرام کے بارے میں گمراہ کن قیاس آرائیاں افسوسناک ہیں،پاکستانی ایٹمی ومیزائل پروگرام آئی اے ای اے کے تصدیق شدہ فول پروف حفاظتی انتظامات کے تحت ہے'۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا جوہری پروگرام کم سے کم ڈیٹرنس برقرار رکھنے کیلئے ہے، جوہری پروگرام پر قوم کا غیرمتزلزل اتفاق ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔