پیپلز پارٹی نے فاٹا ریفارمزکیلیے11نکاتی ایجنڈے کی حمایت کردی

آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے جوائنٹ کمیٹی فار فاٹاریفارمز کے وفد کی ملاقات


Staff Reporter April 15, 2014
کراچی:فاٹا اصلاحات کے بارے میں سیاسی جماعتوں کی کمیٹی کاآصف زرداری اور بلاول بھٹو کیساتھ گروپ ۔ فوٹو : پی پی آئی

پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے پیر کو بلاول ہاؤس میں جوائنٹ کمیٹی فار فاٹاریفارمز کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے فاٹا کے ارکان پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔

وفد نے جوائنٹ کمیٹی کی جانب سے فاٹا میں اصلاحات کے لیے اعلان کردہ 11نکاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا، بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری نے اس ایجنڈے کو سراہا اور پیپلزپارٹی کی جانب سے ہر ممکن کا تعاون کا یقین دلایا، ملاقات میں فاٹا کی صورت حال اور دیگر امور پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی، اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی فاٹا کی ترقی کے لیے جدوجہد میں مکمل تعاون کرے گی۔ وفد میں ارسلا خان ہوتی، انیسہ زیب طاہر خیلی، اسد آفریدی، اجمل خان وزیر، مختار باچا، سید اخوندزادہ چٹان اور دیگر شامل تھے۔ دریں اثنا پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور شریک چیئرمین سے پیر کو بلاول ہائوس میں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں صوبے کی صورتحال، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ، پارٹی کے تنظیمی امور اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پارٹی قیادت کو کراچی میں امن وامان کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں، تھر میں جاری امدادی سرگرمیوں اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ پارٹی کے چیئرمین اور شریک چیئرمین نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے حکومت سندھ موثر اقدام کرے اور شہید بینظیر بھٹو کی مفاہمتی پالیسی کے تحت تمام جماعتوں سے ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنایا جائے اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلیے مزید اقدام کیے جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں