کراچی میں اٹالین ڈیزائن ویک کے ساتویں ایڈیشن کا انعقاد
نمائش سے پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی و معاشی تعلقات مضبوط ہوں گے، اطالوی قونصل جنرل
کراچی میں اطالوی قونصل خانے اور نجی کمپنی کے اشتراک سے اٹالین ڈیزائن ویک کے ساتویں رنگا رنگ ایڈیشن کا اہتمام کیا گیا۔
نمائش میں گھریلو فرنیچر کے ڈیزائن اور فیشن ڈیزائن میں موجود اطالوی فن کی انفرادیت نے سب کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔ اطالوی آرٹسٹ انتونیو فورلن کے ان فن پاروں کی خاصیت یہ تھی کہ ان کا بنایا ہوا ہر شاہکار شائقین کو ایک ہی جھلک میں اٹلی کے گلیوں اور محلوں کی یاد دلاتا ہے۔ اس شاہکار کام میں انتونیو کی مدد ان کی بیگم نے بھی کی جن کا کہنا تھا کہ انتونیو کے فن کی خاصیت اٹلی کا سماج ہے۔
اطالوی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ اس طرح کی نمائش سے پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی اور معاشی تعلقات مضبوط ہوں گے۔ نمائش کے ساتویں ایڈیشن میں معیار، ماحولیات اور لوگوں کی صحت پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
نمائش میں Taormina اور Munis x Don Corleone کی پروڈکٹس کی رونمائی کے علاوہ پینل ڈسکشن کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ قونصل خانے نے The FOLD کی کتاب کی رونمائی بھی کی۔
مزید برآں انتونیو فورلن کی طرف سے ایک سیرامک ورکشاپ کا بھی اہتمام کیا گیا جو کہ خصوصی طور پر فنون کے شوقین افراد اور طلباء کے لیے تھی تاکہ وہ مٹی کے برتنوں اور سیرامکس میں استعمال ہونے والی تکنیک اور طریقے سیکھنے کا موقع حاصل کر سکیں۔
نمائش میں اٹالین فوڈ کے شوقین افراد کے لیے مستند اطالوی ترکیبیں سیکھنے کے لیے ایک کوکنگ کلاس کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں شیف گینارو کیروزا نے اٹالین شرکاء کو مختلف ترکیبیں سکھائیں۔ نمائش میں جاپان، فرانس اور امریکہ کے قونصل جنرلز سمیت دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔