کے پی انتخابات گورنر نے الیکشن کمیشن کو ابھی تک باضابطہ تاریخ نہیں دی

خیبرپختونخوا اسمبلی انتخابات کی تاریخ کے معاملے نے نیا موڑ لے لیا، تاریخ نہ ملنے پر الیکشن کمیشن نے بھی چپ سادھ لی


احتشام بشیر March 17, 2023
(فوٹو : فائل)

خیبرپختونخوا اسمبلی انتخابات کی تاریخ کے معاملے نے نیا موڑ لے لیا، معلوم ہوا ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے الیکشن کمیشن کو انتخابات کی باضابطہ تاریخ نہیں دی گئی اور تاریخ نہ ملنے پر الیکشن کمیشن نے بھی خاموشی اختیار کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی انتخابات کی تاریخ کے لیے گورنر خیبرپختونخوا سے دو بار مشاورت کی اور آخری بار اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے بعد گورنر حاجی غلام علی نے 28 مئی کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا نے اسلام آباد میں ہونے والی آخری ملاقات میں الیکشن کمیشن کو 28 مئی کی باضابطہ تاریخ نہیں دی بلکہ ان سے اس تاریخ میں مزید مشاورت کا مانگا ہے اور الیکشن کمیشن سے کچھ معاملات پر تفصیلات بھی مانگی ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں ہورہا ہے جس میں خیبرپختونخوا میں الیکشن کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور ایک بار پھر تاریخ مانگنے کے لیے گورنر سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن کا موقف جاننے کے لیے سیکریٹری الیکشن کمیشن اور ترجمان الیکشن کمیشن سے بار بار رابطہ کیا گیا لیکن ان کا موقف سامنے نہیں آیا اور انہوں نے اس معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کرلی۔

ایکسپریس کی جانب سے گورنر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کو 28 مئی کی تاریخ دی گئی ہے لیکن اس پر مشاورت جاری ہے حتمی فیصلہ جلد کرلیں گے۔

تحریک انصاف کا عدالت جانے کا فیصلہ

دریں اثنا ابھی تک الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر تحریک انصاف نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما تیمور جھگڑا نے کہا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا الیکشن کی تاریخ نہ دے کر آئین شکن ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن کو تاریخ نہیں دی گئی تو 29 مئی کا اعلان کیوں کیا گیا، وکلاء سے دوبارہ رابطہ کیا ہے، ہائی کورٹ میں درخواست دے رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں