کراچی میں اتوار کو ہلکی بارش کی پیش گوئی

پیر سے دوبارہ شہر کا مطلع مکمل صاف اورتیزدھوپ پڑنے کی توقع ہے، محکمہ موسمیات


March 19, 2023
آج شام گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اورکہیں معتدل بارش ہوسکتی ہے، محکمہ موسمیات، فوٹو: فائل

شہرقائد میں آج شام گرج چمک کے ساتھ ہلکی و معتدل بارش کا امکان ہے جبکہ پیرسے دوبارہ تیزدھوپ پڑنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہفتے کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا اور مطلع بیشتروقت صاف رہا۔ دن کے اوقات میں حدت محسوس کی گئی۔ شہر کے مضافاتی علاقے گڈاپ ٹائون میں شام کے وقت ہلکی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق کراچی میں آج شام گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اورکہیں معتدل بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیرسے دوبارہ شہر کا مطلع مکمل صاف اورتیزدھوپ پڑنے کی توقع ہے،آئندہ تین روز کے دوران صبح سے دوپہر کے درمیان بلوچستان کی شمال مغربی جبکہ شام کے وقت جنوب مغربی سمندری ہوا چل سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30ڈگری تک ریکارڈ ہوسکتا ہے جبکہ نمی کاتناسب 55فیصد تک بڑھنے کے سبب حدت محسوس کی جاسکتی ہے۔

مغربی سسٹم کے زیراثردیہی سندھ کے اضلاع قمبرشہدادکوٹ، لاڑکانہ، خیرپور، سکھر، گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد، نوشہروفیروز، شہید بے نظیر آباد، دادو، جامشورو، سانگھڑ، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈوالہیار، ٹنڈومحمد خان، میرپورخاص، عمرکوٹ کے اضلاع میں وقفے وقفے سے گردوغبار،گرج چمک کے ساتھ درمیانی شدت کی بارش جبکہ کہیں کہیں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوسکتی ہے۔ بدین،ٹھٹھ اورسجاول میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں