الطاف حسین کے پاسپورٹ سے متعلق جواب وزارت داخلہ نے وزارت خارجہ کو بھیج دیا

پاسپورٹ کے حصول کیلئے ایم کیو ایم قائد کو پہلے سمندر پار پاکستانی شناختی کارڈ بنوانا ہوگا،وزارت داخلہ حکام

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کیلئے 4 اپریل کو وزارت خارجہ سے رابطہ کیا تھا۔ فوٹو:فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو پاسپورٹ جاری کرنے کے حوالے سے وزارت داخلہ نے وزارت خارجہ کو جواب بھیج دیا۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے ارسال کردہ جواب میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو پاکستانی پاسپورٹ حاصل کرنے کے لئے پہلے سمندر پار پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کرنا ہوگا جبکہ شناختی کارڈ کے حصول کے مراحل پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں نادرا کے دفتر میں پورے ہوں گے جہاں کوائف کے اندراج کے علاوہ فنگرپرنٹس اور ڈیجیٹل تصویر بھی لی جائے گی۔


واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے حصول کیلئے 4 اپریل کو درخواست دی تھی جس کی تصدیق کرتے ہوئے دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری کرنا وزارت داخلہ کا کام ہے اور اس سلسلے میں پاکستانی سفارت خانوں کو ملنے والی درخواستیں وزارت داخلہ کو بھیجی جاتی ہیں جب کہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پاکستانی پاسپورٹ اورشناختی کارڈ کے لئے متعدد مرتبہ درخواستیں دے چکا ہوں جو مسترد کردی گئیں۔ ان کاکہنا تھا میں پاکستانی ہوں اورہمیشہ رہوں گا اگر حکومت پاکستان نے پاسپورٹ اورشناختی کارڈ جاری نہیں کیا تو عدالتوں سے رجوع کروں گا۔

Recommended Stories

Load Next Story