حکومت نیشنل ڈائیلاگ شروع کرے ناراض رہنماؤں کو خود جاکر مناؤں گا چوہدری شجاعت

ہنگاموں اور دھرنوں سے قوم ڈپریشن کا شکار ہوگئی ہے، 50 سالہ سیاسی سفر میں اتنے پیچیدہ حالات نہیں دیکھے، سربراہ ق لیگ


ویب ڈیسک March 19, 2023
(فوٹو فائل)

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پچاس سالہ سیاسی سفر میں کبھی ملک کے اتنے پچیدہ حالات نہیں دیکھے، حکومت نیشنل ڈائیلاگ شروع کرے ناراض رہنماؤں کو خود جاکر مناؤں گا۔

اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی و صوبائی جنرل کونسل کے مشترکہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ سیاسی سفر کے 50 سال ہو گئے اتنے پچیدہ حالات کبھی نہیں دیکھے۔ سیاستدان جلتی آگ پر پانی ڈالیں،ملک جلاؤ، گھیراوٴ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ 'ہنگاموں، دھرنوں سے قوم پریشان اور ڈپریشن کا شکار ہوگئی ہے جبکہ لوگوں میں ایسے حالات کی وجہ سے مایوسی بھی بڑح رہی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'حکومت نیشنل ڈائیلاگ شروع کرے، ناراض قومی رہنماؤں کے پاس جانے اور انہیں منانے کیلیے تیار ہوں، مسائل کا حل سیاست دانوں کے پاس ہے ،تمام قوتیں مل بیٹھ کر پاکستان کا سوچیں'۔

مسلم لیگ کا اجلاس، چوہدری سرور پنجاب کے صدر اور مرکزی چیف آرگنائزر منتخب

دریں اثنا چوہدری شجاعت حسین کی زیر صدارت پارٹی کی مرکزی و صوبائی جنرل کونسل کا اجلاس ہوا، جس میں طارق بشیر چیمہ،چوہدری سالک حسین، مسز فرخ خان،طارق حسن،رضوان صادق،دلفرازخان سمیت چاروں صوبوں سے پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

صوبائی کونسل نے چوہدری سرور کو پنجاب کا صدر جبکہ چوہدری شافع حسین کو جنرل سیکرٹری منتخب کیا، جس پر انٹر پارٹی الیکشن کے چیئرمین مصطفیٰ ملک نے چوہدری سرور اور شافع حسین کے بلامقابلہ منتخب ہونے کا فیصلہ کیا۔

علاوہ ازیں اجلاس میں چوہدری سرور کو پارٹی کا مرکزی چیف آرگنائزر بھی منتخب کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ جنرل کونسل نے 150 اراکین اور سینٹرل ورکنگ کمیٹی کو بھی منتخب کیا۔

اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے مطابق چوہدری سالک حسین مرکزی سنئیر نائب صدر جبکہ مصطفی ملک مرکزی سیکرٹری اطلاعات منتخب کیا گیا۔

ملک کا قرضہ پانچ سال میں اتار دیں گے، چوہدری سرور

شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سرور نے کہا کہ مسلم لیگ کی طرف سے بھرپور اعتماد کے اظہار پر چوہدری شجاعت اور پوری جماعت کا شکرگزار ہوں، سب مل کر مسلم لیگ کو متبادل سیاسی قوت بنائیں گے، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ کلیدی کامیابی حاصل کرے گی، 5 سالوں میں ملک کا قرضہ اتاریں گے۔

سابق حکومت میں وزیر نہیں رہنا چاہتا تھا، طارق بشیر چیمہ

طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ملک ترقی کر رہا ہے، سابقہ حکومت کے غلط فیصلوں سے معیشت کو نقصان ہوا۔ سابق حکومت میں وزیر نہیں رہنا چاہتا تھا مگر چوہدری صاحب کے حکم کی تعمیل کی اور ذمہ داری انجام دی۔

انہوں نے کہا کہ عام آدمی مہنگائی میں پس رہا، ریلیف کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں