رمضان المبارک کا چاند 22 مارچ کو نظر آنے کے زیادہ امکانات ہیں ماہر فلکیات
اس برس رمضان کے چاند کی پیدائش 21 مارچ کی رات 11 بج کے 13 منٹ پر ہوجائے گی، ڈاکٹر شاہد قریشی
کراچی سمیت پاکستان کے مختلف حصوں میں رمضان المبارک کا چاند بدھ 22 مارچ بمطابق 29 شعبان کو نظر آنے کے امکانات زیادہ ہیں۔
معروف فلکیاتی سائنسدان اور جامعہ کراچی کے شعبہ ایسٹرو فزکس اینڈ پلانیٹری سائنس کے سابق چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر شاہد قریشی نے "ایکسپریس" کو بتائی انھوں نے بتایا اس برس رمضان کے چاند کی پیدائش 21 مارچ کی رات 11 بج کے 13 منٹ پر ہوجائے گی اور اگلے روز 22 مارچ کی شام جب کراچی میں غروب آفتاب کراچی 6 بج کے 43 منٹ پر ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ اسی اثنا میں ہلال 47 منٹ تک افق پر رہے گا اور غروب ہلال 7 بجے کر 30 منٹ پر ہو گا۔ یاد رہے کہ غروب آفتاب کے وقت ہلال کی عمر 19 گھنٹے 30 منٹ تک ہوگی اس دوران ہلال کی افق سے بلندی 10 ڈگری ہوگی اور چاند کا تقریبا" 0.9 فیصد حصہ روشن ہو گا جبکہ چاند کا زمین سے فاصلہ صرف 3 لاکھ 82 ہزار کلومیٹر ہو گا۔
ڈاکٹر شاہد قریشی کے مطابق ان اعداد و شمار کی روشنی میں 22 مارچ کی شام کراچی اور گوادر سمیت ملک کے جنوبی علاقوں سے ہلال دوربین سے دیکھنا آسان ہوگا البتہ برہنہ آنکھ سے ایسا ہلال دیکھ لینا ایک چیلنج ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر 23 مارچ کو پہلا روزہ کر دیا گیا تو 29 رمضان کی شام کو عید کا چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم اگر پہلا روزہ 24 مارچ کو کیا گیا تو 29 رمضان کی شام کو عید کا چاند بہت واضح روشن اور موٹا ہو گا۔