زمان پارک میں ’حملہ‘ مقدمے کی درخواست میں مریم نواز اور رانا ثنا اللہ نامزد

مقدمے کی درخواست عمران خان کی رہائشگاہ کے نگران اویس احمد کی جانب سے دی گئی

—فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ پر 'پولیس اہلکاروں کے حملے' کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے دی گئی جس میں مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو بھی نامزد کیا گیا۔

مقدمے کی درخواست عمران خان کی رہائشگاہ کے نگران اویس احمد کی جانب تھانہ ریس کورس میں دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق درخواست میں نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی اور آئی جی پنجاب عثمان انور، سی سی پی او لاہور صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی آپریشنز افضل کوثر، ایس ایس پی آپریشن صہیب اشرف، تھانہ سی آئی اے اور صدر کے ایس پیز بھی نامزد ہیں۔


ذرائع کے مطابق درخواست کے ساتھ لائسنس شدہ اسلحہ ساتھ لے جانے اور گھر سے لے جانے والے سامان کی بھی تفصیلات شامل ہیں۔ درخواست میں کہا گیا کہ پولیس نے حملے کے دوران ملازمین سے 50 ہزار روپے بھی چھین لیے تھے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 'کپڑے اور 10 جوڑی یونیفارمز، عملے کی دستاویزات، اے ٹی ایم، پرفیومز، ہیئر ڈرائر مشینیں، 9 ایس ایم جی گنز، دو پستول اٹھائے گئے۔ درخواست میں قانونی اسلح کے لائنسنس نمبرز اور گولیوں کی تفصیل بھی درج ہیں۔

 
Load Next Story