چین کا پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کی حمایت کا اعادہ

پاکستان اور چین اعلیٰ سطح کی مصروفیات اور مکالمے کے طریقہ کار کو بھی فروغ دیں گے، ترجمان دفتر خارجہ


ویب ڈیسک March 20, 2023
—فوٹو: ایم او ایف اے

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا ہے اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے جبکہ چین نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اقتصادی سلامتی کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بیجنگ میں منعقد پاک چین دو طرفہ سیاسی مشاورت (بی پی سی) کے تیسرے دور کے حوالے سے بتایا کہ دونوں فریقین نے سیاسی اور سیکیورٹی تعاون، دوطرفہ تجارت، اقتصادی اور مالیاتی تعاون، ثقافتی تبادلے، سیاحت اور عوام سے عوام کے تعلقات کو وسعت دینے اور مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔




 

پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان نے کی جبکہ چینی وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے کی۔ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی ایک دہائی مکمل ہونے پر دونوں فریقوں پاکستان اور چین کے درمیان ہمیشہ گہری ہوتی دوستی کی علامت قرار دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں فریقوں نے علاقائی روابط اور تعاون کو بڑھانے کے لیے دیگر فریقین کی شرکت سمیت سی پیک کی توسیع میں مصروف رہنے پر بھی اتفاق کیا۔

انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ "پاکستان اور چین اعلیٰ سطح کی مصروفیات اور مکالمے کے طریقہ کار کو بھی فروغ دیں گے اور مواصلات کے ذرائع کو مزید مضبوط بنائیں گے۔"

سیکریٹری خارجہ نے 2022 میں تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کے معاشی استحکام اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کے لیے چین کی جانب سے مسلسل اور فراخدلانہ تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

چین کے نائب وزیر خارجہ نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اقتصادی سلامتی کے لیے چین کی حمایت کا اعادہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں