انسداد دہشتگردی عدالت پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتیں منظور
اتنے ملزمان ہو گئے کہ تاریخ میں آگے پیچھے کچھ دیکھنا پڑے گا، جج کے ریمارکس، 50، 50 ہزار کے مچلکے جمع کروانے کا حکم
انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کی عبوری ضمانتیں منظور کرلیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی عدالت میں پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی رہنماؤں پر تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے جج نے ریمارکس دیے کہ اتنے ملزمان ہو گئے ہیں کہ تاریخ میں آگے پیچھے کچھ دیکھنا پڑے گا۔ جج نے احسان نیازی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ گیٹ پر چلنے کی پریکٹس بہتر کریں۔
مزید پڑھیں: جوڈیشل کمپلیکس ہنگامہ آرائی؛ عمران خان سمیت 17 رہنماؤں پر دہشت گردی کا مقدمہ درج
بعد ازاں عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اسدقیصر، عامرکیانی، عمرایوب، حماداظہر ، محمدعاصم، فرخ حبیب، حسان خان نیازی اور شبلی فراز کی عبوری ضمانتیں منظور کرلیں۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تمام پی ٹی آئی رہنماؤں کی 3 اپریل تک 50، 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کیں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں پر جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد کے باہر ہنگامہ آرائی کے جرم میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں عمران خان اور 17 پی ٹی آئی رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما امجد خان نیازی اور 60 کارکنان کو اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم
علاوہ ازیں گزشتہ روز جوڈیشل کمپلیکس ہنگامی آرائی کیس میں اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما امجد خان نیازی سمیت تمام 60 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔