چنیوٹ میں دلہا نے رسم حنا کے دوران دلہن کی سہیلی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چنیوٹ کے علاقے موضع کوہلیاں کے بدقسمت گھرانے میں مہندی کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران سر پھرے دلہا نے فائرنگ کرکے اپنی ہی خوشیوں کو ماتم میں تبدیل کردیا، دلہا کی فائرنگ سے دلہن کی سہیلی موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق دلہا نے دلہن پرفائرنگ کی تاہم گولیاں سہیلی کو جا لگیں جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی جبکہ دلہن کا کہنا ہے کہ دلہا مقتول لڑکی کو پسند کرتا تھا اور اس سے شادی کرنا چاہتا تھا۔
فائرنگ کے بعد ملزم دلہا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تاہم پولیس نے ملزم کے 4 ساتھیوں کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ خاندانی رنجشوں کا نتیجہ لگتا ہے تاہم ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم منصوبہ بندی کے تحت دلہن کی سہیلی کو قتل کرنے آیا تھا۔