زمان پارک ہنگامہ آرائی پی ٹی آئی کے 102 کارکنان کو جیل بھیجنے کا حکم

عدالت کا ملزمان کو 3 اپریل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم

(فوٹو : فائل)

انسداد دہشت گردی عدالت نے زمان پارک میں ہنگامہ آرائی کیس میں تحریک انصاف کے 102 ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس پر تشدد، پولیس گاڑیوں کو جلانے اور کار سرکار میں مداخلت کرنے پر عدالت نے ملزمان کو 3 اپریل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

دوران سماعت، پراسیکیوشن نے استدعا کی کہ ملزمان سے اسلحہ، پیٹرول بم اور ڈنڈے سوٹے برآمد کیے گیے لہٰذا عدالت ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے۔


وکیل ملزمان نے کہا کہ ملزمان کا اس مقدمہ سے کوئی تعلق نہیں ہے، مقدمے میں شامل دفعات دیکھیں اور یہ ثابت ہی نہیں ہوتا جبکہ کسی بھی مضروب کا میڈیکل موجود نہیں ہے۔ میرا ملزم دل کا مریض ہے اور کارڈیالوجی میں چیک اَپ کے لیے گیا تھا، میرے ملزم کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا۔

ملزمان کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت میرے ملزم کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے اور ایف آئی آر میں درج مقدمے کے ملزمان کو ڈسچارج کیا جائے۔

ملزمان کے خلاف تھانہ ریس کورس میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات اور اضافی نفری تعینات کی گئی۔
Load Next Story