چین کے صدر یوکرین جنگ پر پوتن سے ملاقات کیلیے روس پہنچ گئے

عالمی فوجداری عدالت نے یوکرین میں جنگی جرائم پر روسی صدر کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں


ویب ڈیسک March 20, 2023
چینی صدر کے روس کے 3 روزہ دورے میں اہم تجارتی معاہدوں پر دستخط ہوں گے؛ فوٹو: رائٹرز

چین کے صدر شی جنپنگ روس کے تین روزہ دورے پر ماسکو پہنچ گئے جہاں ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر شی جنپنگ کی آمد پر ملٹری بینڈ نے چین اور روس کے ترانوں کی دھن بجائی جب کہ چین اور روس کے صدور کی دوبدو ملاقات آج کسی وقت متوقع ہے۔


چین کے طاقتور ترین رہنما کے طور پر ابھرنے والے شی جنپنگ کا مسلسل تیسری بار صدر منتخب ہونے کے بعد بیرون ملک یہ پہلا دورہ ہے۔ جس سے ان کے روس کے ساتھ مضبوط تعلقات کا اظہار ہوتا ہے۔


روس روانگی کے وقت میڈیا سے گفتگو میں چینی صدر نے اس یقین کا اظہار کیا تھا کہ روس کا دورہ سود مند ثابت ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور تجارت میں مزید تیزی آئے گی۔


دوسری جانب روس نے دورۂ چین کو ایک طاقتور دوست کی مشکل وقت میں مدد سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنما 2030 تک روس چین اقتصادی تعاون کے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کریں گے۔

چینی صدر شی جنپنگ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا تھا کہ وہ یوکرین جنگ کے خاتمے اور خطے میں امن کے لیے روسی صدر سے اپنے تعلقات اور اثر و رسوخ کو استعمال کریں گے۔

ادھر روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اس امید کا اظہار کیا تھا کہ چین یوکرین جنگ پر مغربی دباؤ کے خلاف ان کی حمایت کرے گا اور مغربی ممالک کی روس پر پابندیوں کے خلاف آواز اُٹھائے گا۔

خیال رہے کہ عالمی فوجداری عدالت کے یوکرائنی بچوں کو روس بھیجے جانے پر پوتن کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کرنے کے بعد چین کے صدر شی جنپنگ کسی ملک کے پہلے سربراہ ہیں جو روسی صدر سے ملنے آئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں