اے سی سی میٹنگ ایشیاکپ کے حوالے سے فیصلہ نہ ہوسکا
اے سی سی میٹنگ میں ایشیا کپ کے حوالے سے کوئی فیصلہ سامنے نہیں آسکا جب کہ ایونٹ کی پاکستان میں میزبانی کا معاملہ بدستور ہوا میں معلق ہے۔
اے سی سی اجلاس میں ہی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ کیا گیا، ستمبر میں شیڈول اس ایونٹ کیلیے بھارتی بورڈ اپنی ٹیم پاکستان بھجوانے سے صاف انکار کررہا ہے۔
سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کے بعد مینجمنٹ کمیٹی چیف نجم سیٹھی نے بھی یہی موقف اپنایا کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آتی توپھر ہم بھی پڑوسی ملک میں رواں سال اکتوبر میں شیڈول ورلڈکپ نہیں کھیلیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی اجلاس؛ نجم سیٹھی نے پلان کیوں تبدیل کیا؟
گزشتہ دنوں میڈیا کانفرنس میں نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ پاکستان کو بھی بھارت میں اپنی ٹیم کی سیکیورٹی پر تحفظات ہیں، کوئی فیصلہ کرنے سے قبل حکومت سے رائے لیں گے۔
ذرائع کے مطابق اے سی سی میٹنگ میں ایشیا کپ کے حوالے سے کوئی فیصلہ سامنے نہیں آسکا، دونوں ملکوں کے تحفظات اپنی جگہ برقرار ہیں۔ ایونٹ کی پاکستان میں میزبانی کا معاملہ بدستور ہوا میں معلق ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہربھجن نے ایک بار پھر ایشیاکپ سے متعلق متنازع بیان داغ دیا
ذرائع کے مطابق ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کے تمام میچز یو اے ای اور باقی پاکستان میں کرانے کی تجویز پھر دہرائی گئی ہے۔
دوسری جانب آئی سی سی حکام کی موجودگی میں پی سی بی نے بھی بھارت میں ورلڈکپ پر تحفظات کا اظہار کیا مگر فی الحال کوئی پیش رفت سامنے نہیں آسکی،کونسل کا اگلا اجلاس ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے موقع پر ہونے کا امکان ہے، اس میں کسی نتیجے تک پہنچنے کی کوشش ہو گی۔