ڈالرکی بے قدری اسپننگ ویونگ سیکٹر کو 60 کروڑ ڈالر نقصان

ڈالرکی قدر میں 15 فیصد کی یکدم کمی سے برآمدات اور کاٹن انوینٹری کی مد میں 60کروڑ ڈالر کے نقصان کا سامنا ہے


Business Reporter April 16, 2014
2 سال سے سیلز ٹیکس ریفنڈ نہیں ملے، مالی بحران کے باعث 70 یونٹ بند ہوچکے، چیئرمین اپٹما یاسین صدیق. فوٹو: فائل

KARACHI: ٹیکسٹائل اسپننگ ویونگ انڈسٹری کو ڈالرکی قدر میں 15 فیصد کی یکدم کمی سے برآمدات اور کاٹن انوینٹری کی مد میں 60کروڑ ڈالر کے نقصان کا سامنا ہے جبکہ مالی بحران میں اچانک شدت آنے کی وجہ سے گزشتہ چند ماہ میں 70سے زائد اسپننگ اور ویونگ یونٹس بند ہوگئے ہیں۔

ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش اس بھاری خسارے کے علاوہ 2 سال سے سیلز ٹیکس ریفنڈ کی مد میں عدم ادائیگیوں اور چین کی جانب سے پاکستانی فیبرک اور یارن پرایف ٹی اے کے باوجود 3.5فیصدامپورٹ ڈیوٹی کی وصولیوں نے ملک کے سرفہرست برآمدی شعبے کے لیے مشکلات پیدا کردی ہیں۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے مرکزی چیئرمین یاسین صدیق نے منگل کواپٹما ہائوس میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر کے دورے کے موقع پربات چیت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بقا کے لیے جاری حالات کے تناظر میں فی الفور بھارت کی طرز پر10فیصد ری بیٹ دینے کے علاوہ پاور اور گیس ٹیرف میں بھی40فیصد تک سبسڈی دینے کا اعلان کرے۔

انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں اضافے نے ٹیکسٹائل سیکٹر کیلیے شدید مشکلات پیدا کردی ہیں، ٹیکسٹائل برآمدکنندگان کی جانب سے 3 ماہ قبل 108 تا109روپے فی ڈالر کے حساب سے کیے گئے برآمدی معاہدوں کے تحت مال فروخت کیا گیا لیکن اب ڈالر کی قدر 96 روپے پر آنے سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کوملنے والی آمدنی کی مالیت کم ہوگئی ہے جس سے اسپننگ اور ویونگ انڈسٹری کو30 کروڑ ڈالرکے نقصان کا سامنا ہے، ٹیکسٹائل انڈسٹری کو کپاس کی خریداری کے حوالے سے ڈالر کی قدرمیں کمی سے 30کروڑ ڈالرانوینٹری لاسز ہوئے۔

حکومت کو چاہیے کہ وہ واضح طور پر اعلان کرے کہ ڈالر کی قدر کس سطح پر مستحکم رہے گی تاکہ ٹیکسٹائل برآمدکنندگان ڈالر کی قدر کے مطابق برآمدی معاہدے کرسکیں۔اس موقع پر ایس ایم منیر نے اپٹما کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ہفتے ایف بی آر کی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ان تمام مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں ڈالر کی قدر کو مستحکم رکھنے اور وقتی طور پرٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے لیے ری بیٹ دینے کی تجویز دی جائے گی تاکہ برآمدات کو50ارب ڈالر تک پہنچایا جاسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں