بھارتی پنجاب میں امرت پال سنگھ کی گرفتاری کیلئے 4 روز سے انٹرنیٹ بند

لوگوں کو رابطوں میں شدید مشکلات کا سامنا


ویب ڈیسک March 21, 2023
لوگوں کو رابطوں میں شدید مشکلات کا سامنا

بھارتی حکومت کی جانب سے خالصتان کے حامی امرت پال سنگھ کی گرفتاری کےلیے ریاست پنجاب میں انٹرنیٹ آج چوتھے روز بھی بند ہے۔

اس بندش کے باعث 27 ملین آبادی والی ریاست اپنے بنیادی حق سے محروم ہے اور لوگوں کو رابطوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سکھوں نے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن پر خالصتان کا پرچم لہرا دیا

امرت پال سنگھ علیحدگی پسند رہنما اور وارث پنجاب دے تنظیم کے سربراہ ہیں۔ وہ کچھ عرصے سے مفرور ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے بھارتی پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی پنجاب میں خالصتان کے حامی امرت پال سنگھ کی گرفتاری کا معاملہ الجھ گیا

گزشتہ دنوں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ امرت پال سنگھ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ بھارتی حکومت نے ممکنہ ہنگاموں اور احتجاج کو روکنے کے لیے کئی شہروں میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی تھی جس میں اب توسیع کردی گئی۔

امریکی میڈیا سی این این کے مطابق بھارت میں اب انٹرنیٹ کی بندش معمول بنتی جارہی ہے۔ امریکی تنظیم ایکسس ناؤ کی رپورٹ کے مطابق 2022ء میں بھارت میں 84 مرتبہ انٹرنیٹ بند کیا گیا جس کے نتیجے میں انٹرنیٹ پر پابندی والے ممالک کی فہرست میں بھارت مسلسل پانچویں سال بھی سرفہرست رہا۔

حال ہی میں بھارت اور بیرون ملک خالصتان تحریک کی مقبولیت میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ لندن میں سکھوں نے بھارتی ہائی کمیشن پر پرچم ترنگا اتار کر خالصتان کا پرچم لہرایا۔ ادھر آسٹریلیا میں خالصتان کے قیام کےلیے ریفرنڈم کرایا گیا ہے۔

بھارتی پنجاب میں مودی حکومت کیخلاف حالیہ عرصے میں اس وقت نفرت میں اضافہ ہوگیا تھا جب حکومت نے متنازع زرعی قوانین منظور کیے تھے۔ اس قانون کیخلاف کسانوں نے زبردست تحریک چلائی۔ حکومت کے کریک ڈاؤن کے نتیجے میں 700 سے زائد کسان جان کی بازی ہار گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں