اقدام قتل کیس عمران خان کی ضمانت میں 6 اپریل تک توسیع

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت حاضری سے استثناء دے دیا

(فائل : فوٹو)

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اقدام قتل کے مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت حاضری سے استثناء دیتے ہوئے عبوری ضمانت میں 6 اپریل تک توسیع کردی۔

اسٹیٹ کونسل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان ابھی تک مقدمہ میں شامل تفتیش ہی نہیں ہوئے۔ عدالت نے عمران خان کے بیان کے لیے وکیل فیصل چودھری کو کوآرڈینیٹ کرنے کی ہدایت کر دی۔

اسلام ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ عمران خان کے وکیل فیصل چودھری ایڈووکیٹ نے کہا درخواست گزار یہاں پیش ہونا چاہتے تھے مگر لاہور ہائی کورٹ میں بھی پیش ہونا تھا اس لیے نہیں آ سکے۔


اسٹیٹ کونسل ذوہیب گوندل نے کہا درخواست گزار ابھی تک شامل تفتیش نہیں ہوئے۔ دو نوٹسز جاری کیے مگر وہ ابھی تک پیش نہیں ہوئے۔ فیصل چودھری ایڈووکیٹ نے کہا تفتیشی افسر سمجھتے ہیں کہ فزیکل بیان ریکارڈ کرانا ضروری ہے۔

تفتیشی افسر میرے ساتھ چلے میں خود ان کا بیان لاہور میں ریکارڈ کراتا ہوں یا جس دن عمران خان نے یہاں پیش ہونا ہے اسی دن یہاں بیان ریکارڈ کیا جائے۔

چیف جسٹس نے کہا کیس کے تفتیشی افسر اور عمران خان کے وکیل دونوں مل کر فیصلہ کریں کہ کیا کرنا ہے۔ عمران خان کے خلاف محسن شاہ نواز رانجھا کی مدعیت میں اقدام قتل کا مقدمہ درج ہے۔
Load Next Story