عمر اکمل کی رسم حنا میں ون ڈش اور وقت کی خلاف ورزی پر 3 افراد گرفتار

قانون کی خلاف ورزی پر فارم ہاؤس کے مالک سمیت عمر اکمل کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے گا، حکام


ویب ڈیسک April 16, 2014
قانون کی خلاف ورزی کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی نوٹس لیا۔فوٹو:ایکسپریس نیوز

تنازعات میں گھرے رہنے والے قومی کرکٹر عمراکمل کی شادی میں اس وقت رنگ میں بھنگ پڑ گئی جب پولیس نے رسم حنا میں ون ڈش اور وقت کی خلاف ورزی کرنے پر 3 افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی کرکٹر عمر اکمل کی رسم حنا لاہور کے ایک فارم ہاؤس میں ہوئی جس میں ون ڈش اور وقت کی خلاف ورزی کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب اور ضلعی انتطامیہ نے نوٹس لے لیا جس کے بعد پولیس نے تقریب منعقد کرنے والی کیٹرنگ کمپنی کے 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔

اسسٹنٹ کمشنر کینٹ راؤ امتیاز کا کہنا ہےکہ قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی اور فارم ہاؤس کے مالک سمیت عمر اکمل کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق نجی ملکیت کو شادی بیاہ کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا اور اس کی خلاف ورزی کرنے پر دفعہ 144 کے تحت کارروائی ہوتی ہے جس کا جرمانہ ایک لاکھ سے پانچ لاکھ روپے اور دو ہفتے قید ہوتی ہے۔

واضح رہے عمر اکمل کو اس سے قبل ٹریفک وارڈن پر تشدد کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں عدالتوں کا سامنا کرنا پڑا تھا اور حال ہی میں پی سی بی کے چوکیدار سے بھی ان کا جھگڑا ہوا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں