پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج شام چار بجے ہوگا

اجلاس میں پی ٹی آئی کی فوج مخالف مہم کے خلاف مذمتی قرار داد پیش کی جائے گی جبکہ پروپیگنڈے پر بھی بحث ہوگی

(فوٹو: فائل)

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج سہ پہر چار بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، جس میں فوج کے خلاف جاری مہم کے حوالے سے مذمتی قرارداد پیش کی جائے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں فوج کے خلاف جاری مہم کے حوالے سے قرارداد مذمت پیش کی جائے گی جس کی منظوری کے لیے حکومتی اتحاد نے تیاری کرلی ہے علاوہ ازیں اجلاس میں عمران خان اور پی ٹی آئی کی جانب سے جاری مہم کے حوالے سے تقاریر کی جائیں گی۔

اجلاس میں عمران خان اور ان کی پارٹی کی جانب سے جاری پروپیگنڈہ مہم کی مذمت کی جائے گی جبکہ وفاقی وزیرمرتضی جاوید عباسی کی 8 فروری کو پیش کی گئی قرارداد پر بحث بھی کی جائے گی۔


پارلیمنٹ کے مشترکہ اجاس میں ملک میں امن و امان کی مجموعی صورت حال اوردہشت گردی واقعات پر بحث کی جائیگی جبکہ ملک کی معاشی پالیسی، خارجہ پالیسی، جموں و کشمیر تنازعات پر بھی مباحثہ ہوگا اور ریاستی اداروں کے احترام، سی پیک، آبادی سمیت موسمیاتی تبدیلی کے معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔

مشترکہ اجلاس بلا کر عوام کے حقوق پامال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، فواد چوہدری

پی ٹی آئی نے مشترکہ اجلاس کو ڈمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اجلاس بلا کر عوام کے حقوق پامال کرنے کی کوشش ہورہی ہے، مشترکہ اجلاس کے حوالے سے مضحکہ خیز پریس ریلیز جاری کی گئی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حکمران اتحاد کے اجلاس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے، آئین کو مسلط کر کے ملک پر ایک گروہ کو مسلط کردیا گیا ہے۔ عوام سے خوف کھانے والا گروہ صرف جبر پر قائم ہے۔
Load Next Story