ملک کے مختلف علاقوں میں شدید زلزلے میں 4 جاں بحق سوات سب سے زیادہ متاثر

زلزلے کی شدت 6.8 اور گہرائی 180 کلومیٹر تھی، سوات میں بڑی تباہی، متعدد مکانات منہدم ، متعدد شہری زخمی

پاکستان کے تین صوبوں سمیت جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک میں 6.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ جس کے نتیجے میں اب تک دو بچیوں سمیت چار جاں بحق ہوئے۔ مالا کنڈ ڈویژن میں متعدد مکانات منہدم ہوگئے جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد زخمی جبکہ 70 سے زائد بے ہوش ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 9 بج کر 47 اور 48 منٹ کے درمیان میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ عالمی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق شدت 6.8 شدت ریکارڈ کی گئی جبکہ مرکز افغانستان کوہ ہندو کش اور گہرائی 180 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کی شدت سے لوگ خوف کے عالم میں گھروں سے نکل آئے جبکہ پشاور کی مساجد میں اذانیں بھی دی گئیں۔ زلزلے کے وقت راولپنڈی کے بازاروں میں بھی بھگدڑ مچی۔
Load Next Story