فزکس اور فطرت کا ملاپ معلق آتشیں پتھر
قدرتی پتھر سے بنا ’مائکونوس ‘لوگوں کو حیران کرتا ہے تو وہیں آپ کو پرسکون بھی رکھتا ہے
پولینڈ کی ایک کمپنی نے ایک عجیب و غریب شے بنائی ہے جسے ہم سائنس اور فطرت کا ایک ملاپ قرار دے سکتے ہیں۔ یہ حقیقی پتھرہےجو ایک بڑے پتھر سے فاصلے پر رہتے ہوئے سپرکنڈکٹر کی طرح گھومتا رہتا ہے۔ اسے آگ لگاکر بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
اسے 'مائکونوس لیوائٹیٹنگ فائراسٹون' کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ایک چھوٹا سا آتش داں ہے جو فطرت اور طبعیات کے ملاپ سے بنایا گیا ہے۔ اسے بنانے والے نے پتھر، آگ، اور ہوا جیسے عناصر کو مدِ نظررکھا ہے۔ تاہم اس کا بیرونی خول مکمل طور پر پتھریلا ہے جبکہ اندربرقی سرکٹ اور ایندھن بھرا ہے جو پتھر کو نیلے شعلے سےبھڑکاتا ہے۔
دوپتھروں کے درمیان مقناطیسی قوت موجود ہے جس سے چھوٹا پتھر بڑے پتھر پر معلق ہوکر گھومتا رہتا ہے۔ اسے یوگا کی مشقوں اور مراقبے کا پرسکون ماحول بنانےکےلیے خاص طور بنایا گیا ہے۔ اسے بنانے والوں کا اصرار ہے کہ صرف 15 منٹ تک اسے پاس رکھنے مزاج پر اچھا اثر پڑتا ہے دن بھر کی تھکاوٹ دورہوسکتی ہے۔ بصورتِ دیگر یہ ایک شوپیس اپنی جگہ پر موجود ہے۔
مائکونوس کو دو طرح سے استعمال کیا جاسکتا ہے اول یہ آگ کے بغیر بھی کسی سپرکنڈکٹنگ کھلونے کی طرح گھومتا رہتا ہے جبکہ فائر موڈ میں نیچے سے ایندھن کی بوچھاڑ اس تک پہنچتی ہے اور وہ جل اٹھتاہے جس کا شعلہ نیلا مائل سبز دکھائی دیتا ہے۔
تاہم اسے مکمل محفوظ بنایا گیا ہے کیونکہ لاکھ کوشش کے باوجود بھی اس کا شعلہ نیچے نہیں گرتا اور صرف گھومنے والے معلق پتھر تک ہی محدود رہتا ہے۔
اس وقت اس پر کراؤڈفنڈنگ ویب سائٹ پر فنڈنگ جاری ہے اور قیمت 179 سے 184 یورو رکھی گئی ہے۔