ون ڈے ورلڈکپ بھارت گرین شرٹس کو ویزے دینے پر آمادہ

بی سی سی آئی نے آئی سی سی کو یقین دہانی کرا دی، ٹیکس معاملہ ہنوز حل طلب


Sports Desk March 22, 2023
میگا ایونٹ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک شیڈول،میزبانی کے لیے 11 شہر شارٹ لسٹ۔ فوٹو: کرک انفو

ون ڈے ورلڈکپ کے لیے بھارت نے پاکستانی کرکٹرز کو ویزے دینے پر آمادگی ظاہر کر دی۔

آئی سی سی ایونٹس کے شیڈول کا اعلان ایک برس قبل کردیا جاتا ہے لیکن اس بار بھارتی بورڈ کو اپنی حکومت سے ضروری کلیئرنس درکار ہے، اس میں 2 مسئلے حل طلب ہیں، آئی سی سی اور بھارتی حکومت میں ٹیکس استثنیٰ کا معاملہ ابھی طے ہونا ہے، اس کے ساتھ پاکستانی ٹیم کے بھارتی ویزوں پر بھی پیش رفت ہونا تھی۔

گرین شرٹس 2013 کے بعد سے کسی آئی سی سی ایونٹس میں شرکت کیلیے بھارت نہیں جاسکے، گزشتہ ہفتے آئی سی سی کے سہ ماہی اجلاس میں بھارتی بورڈ نے ورلڈ گورننگ باڈی کو پاکستانی دستے کے ویزوں کو اپنی حکومت سے کلیئر کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں ایشیا کپ؛ بھارتی ٹیم کو بھیجنے پر منسٹر کا موقف تبدیل

ٹیکس رعایت پر بی سی سی آئی جلد اپنی حکومت کی اصل صورتحال سے متعلق آئی سی سی کو آگاہ کرے گا، بھارتی بورڈ اور آئی سی سی کے درمیان 2014 میں میزبانی معاہدہ سائن ہوچکا ہے۔

بھارت کو 3 ایونٹس کی میزبانی سونپی گئی تھی، معاہدے کی رو سے وہ ٹیکس ختم کرانے میں کونسل کی مدد کا پابند ہے، گذشتہ برس آئی سی سی کو مطلع کیا گیا تھا کہ بھارتی حکام ان سے 20 فیصد ٹیکس وصول کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وسیم اکرم نے پاکستان کو ''ون ڈے ورلڈکپ'' کیلئے فیورٹ ٹیم قرار دیدیا

10 ٹیموں کے درمیان شیڈول ایک روزہ کرکٹ کے عالمی میلے کیلیے میزبان بھارتی بورڈ نے تیاریوں کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہیں، ایونٹ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک ہوگا، احمد آباد کے ساتھ بنگلور، چنئی، دہلی، دھرم شالہ، گوہاٹی، حیدرآباد دکن، کولکتہ، لکھنئو، اندور، راجکوٹ اور ممبئی کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

46 روزہ ایونٹ میں مجموعی طور پر 48 میچز کھیلے جائیں گے، اس میں 3 ناک آؤٹس مقابلے بھی شامل ہیں، بھارتی بورڈ نے ابھی وارم اپ میچز کے لیے 2 یا 3 شہروں کو بھی فائنلائز نہیں کیا جس کا سبب مون سون سیزن کی پیچیدگیاں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں