مستقل جنگ بندی کیلیے 2 دنوں میں اہم پیش رفت ہوگی سمیع الحق

طالبان نے ڈیڑھ مہینے میں ایک گولی تک نہیں چلائی، گفتگو، مولانا محمد احمد لدھیانوی کی ملاقات


Numaindgan Express April 16, 2014
حکومتی کمیٹی سے جلد رابطہ ہوگا، پروفیسر ابراہیم، امید ہے مذاکرات کامیاب ہونگے، میجر(ر) عامر۔ فوٹو: فائل

HYDERABAD: طالبان کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ ہم طالبان اور حکومت کے درمیان مستقل جنگ بندی کیلیے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں آئندہ2 دنوں میں اہم پیش رفت ہوگی جس کے بعد ہم طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے کیلیے جائیں گے۔

گورنر ہائوس پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ 45 دنوں میں طالبان نے کوئی بم دھماکا تو کیا ایک گولی تک نہیں چلائی، اس لیے حکومت کو پتا چلانا چاہیے کہ اس دوران بم دھماکے کن لوگوں نے کئے ہیں؟ علاوہ ازیں اکوڑہ خٹک میں اہل سنت و الجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی نے مولانا سمیع الحق سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مولانا سمیع الحق نے کہا کہ مذاکرات کو ناکام بنانے کیلئے بہت سی قوتیں سرگرم عمل ہیں، فریقین کو فہم و فراست کا ثبوت دینا ہوگا۔ ملاقات کے بعد دارالعلوم حقانیہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا لدھیانوی نے کہا کہ میں پارلیمنٹ میں مولانا سمیع الحق کی نمائندگی کروں گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ طالبان کے درمیان اختلافات ختم ہوگئے اور انہوں نے صلح کرلی ہے، ایک دو روز میں حکومتی کمیٹی کے ساتھ رابطہ ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ ملاقات میں پروفیسر اجمل، حیدر گیلانی، شہباز تاثیر کو رہا کرنے کی بات کی ہے۔ نمائندہ ایکسپریس سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے طالبان کمیٹی کے کوارڈینیٹر مولانا یوسف شا ہ نے کہا کہ حکومت اور طالبان پوری طرح تعاون کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میجر (ر) محمد عامر نے کہا کہ طالبان مذاکرات میں سنجیدہ ہیں اور ان کا رویہ بھی مثبت ہے، امکان ہے کہ مذاکرات کامیاب ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں