بھارتی انتخابات پانچواں مرحلہ کل شروع ہوگا بی جے پی کی کامیابی کے دعوے

جمعرات کو12ریاستوں کی 121 نشستوں کیلیے ووٹ ڈالے جائینگے،اقتدارمیں آکر ایٹمی ہتھیاروں کی پالیسی تبدیل نہیں کرینگے

بھارتیہ جنتا پارٹی قومی اتحاد و یکجہتی کو تباہ کردیگی، سونیا گاندھی کا عوام کے نام پیغام،اب تک 543 نشستوں کیلیے111حلقوں پرووٹنگ مکمل۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

بھارت میں کل پارلیمانی انتخابات کے پانچویں مرحلے میں 12ریاستوں کی 121سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے، کل 9 مرحلوں پر پھیلے الیکشن کے پہلے 4رائونڈ مکمل ہوچکے ہیں جس میں حکمراں جماعت کانگریس کی شکست اوراپوزیشن جماعت بی جے پی کی کامیابی کے دعوے کیے جارہے ہیں۔


کانگریس نے بی جے پی کی کامیابی کے حوالے سے نجی ٹی وی چینل کے سروے کو مستردکرتے ہوئے کہاہے کہ نریندرمودی اوران کی جماعت کالے دھن سے کمایا گیا پیسہ اپنی جعلی تشہیری مہم میں استعمال کرکے عوام کے ذہنوں میں تبدیلی لانا چاہتی ہے،بھارتی میڈیاکے مطابق 7 اپریل سے شروع ہونے والے الیکشن کے 9 میں سے 4 مرحلے مکمل ہو چکے ہیں اب تک پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں لوک سبھا کی 543 نشستوں کے لیے 111 حلقوں پر ووٹنگ مکمل ہو چکی ہے، بھارتی الیکشن میں کل( جمعرات کو)کو سب سے بڑے انتخابی مرحلے کے سِلسلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے،اس مرحلے میں121 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

ادھر بھارتی میڈیا کے سروے کے مطابق بی جے پی ملک بھر میں 200 نشستیں جیت سکتی ہے جبکہ کانگریس کو بری طرح شکست ہو سکتی ہے ، دریں اثنا بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر راج ناتھ سنگھ نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف زہرافشانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان اور چین سے اچھے تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں، تاہم اگر ہماری حکومت آئی تو ہم چین کے حملے اور پاکستان سے دہشت گردوں کی در اندازی برداشت نہیں کریں گے، اقتدارمیں آکرایٹمی ہتھیاروں کے بارے میں حکومتی پالیسی تبدیل نہیں کریںگے۔ بھارتی کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے خبردار کیا ہے کہ بی جے پی قومی اتحاد و یکجہتی کو تباہ کردیگی۔ سونیا گاندھی کی بیٹی پرینکا گاندھی نے نے بنارس سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما نریندر مودی کے خلاف الیکشن لڑنے سے متعلق خبروں کی تردید کردی ہے۔
Load Next Story