گری دار میوے اور بیجوں پر مشتمل غذا قلبی صحت پر مثبت اثرات رکھتی ہے
تحقیق میں ناروے اور سوئیڈن کے سائنس دانوں کی ٹیم نے 19 لاکھ افراد پر کیے جانے والے 60 مطالعوں کا جائزہ لیا
ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ روزانہ گری دار میوے اور بیجوں کا کھایا جانا دل کی صحت پر ممکنہ طور پر اچھے اثرات مرتب کرتا ہے۔
یونیورسٹی آف اوسلو اور اسٹاک ہوم کے کیرولِنسکا انسٹیٹیوٹ کے سائنس دانوں کی ٹیم نے 19 لاکھ افراد پر کیے جانے والے 60 مطالعوں کا جائزہ لیا۔ جائزے میں روزانہ تقریباً 30 گرام گری دار میوے اور بیج ملا کر کھانے سے کولیسٹرول اور امراض قلب میں کمی سے تعلق سامنے آیا ہے۔ جبکہ دل کے دورے یا فالج کے خطرات یا ان سے ہونے والی اموات کے خطرات میں ایک چوتھائی تک کمی بھی دیکھی گئی۔
محققین کی جانب سے ان مطالعوں کا جائزہ لینے کی وجہ یہ تھی کہ اس بات کا تعین کیا جائے کہ آیا گری دار میواجات اور بیجوں کی کھپت اور کارڈیو ویسکیولر امراض، قلبی امراض، فالج اور ٹائپ ٹو ذیا بیطس کے درمیان کوئی تعلق ہے یا نہیں۔
جرنل فوڈ اینڈ نیوٹریشن میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ وہ افراد جو زیادہ مقدار (تقریباً 30 گرام تک) میں بیج اور گری دار میوے پر مشتمل غذا کھاتے تھے ان کے یہ غذا نہ کھانے والوں کی نسبت کارڈیو ویسکیولر امراض میں مبتلا ہونے کے امکانات 19 فی صد تک کم تھے جبکہ ان امراض سے موت واقع ہونے امکانات 23 فی صد کم تھے۔
جبکہ ان افراد کے قلبی بیماری میں مبتلا ہونے کے امکانات 18 فی صد کم ہوتے ہیں جبکہ اس بیماری سے موت واقع ہونے کے امکانات 25 فی صد تک کم ہوتے ہیں۔