نوجوان کرکٹرز شارجہ میں دھاک بٹھانے کیلیے بے چین

پاکستان کا افغانستان سے کل پہلا ٹی20، بیٹنگ کوچ یوسف سیریز سے دستبردار، نسیم شاہ پہلے ہی دبئی میں موجود


Sports Reporter March 23, 2023
باصلاحیت کھلاڑیوں سے مزین نئی ٹیم کی قیادت کیلیے پُرجوش ہوں، جارحانہ اور جدت پسندانہ کرکٹ کھیلیں گے (فوٹو: ٹوئٹر)

نوجوان کرکٹرز شارجہ میں دھاک بٹھانے کیلیے بے چین ہیں جب کہ پاکستان کا افغانستان سے پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کل کھیلا جائے گا۔

افغانستان سے 3ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے پاکستان ٹیم یو اے ای پہنچ گئی، 14کرکٹرز اور معاون عملے کے 9ارکان نے علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور سے دبئی کیلیے اڑان بھری، ان میں شاداب خان(کپتان)، عبداللہ شفیق، اعظم خان، فہیم اشرف، افتخار احمد، احسان اللہ، عماد وسیم، محمد حارث، محمد نواز، وسیم جونیئر، صائم ایوب،شان مسعود، طیب طاہر اور زمان خان شامل ہیں۔

نسیم شاہ پہلے ہی دبئی میں موجود ہیں، انھوں نے بھی اسکواڈ کو جوائن کرلیا، بیٹنگ کوچ محمد یوسف ٹور سے دستبردارہوگئے،ہیڈ کوچ عبدالرحمان اب بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں گے۔

عمرگل بولنگ، عبدالمجید فیلڈنگ کوچ،کلف ڈیکن فزیو تھراپسٹ،طلحٰہ اعجاز اینالسٹ،ڈریکس سائمون اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ،منصور رانا منیجر، عثمان انوری سیکیورٹی منیجر اور احسن افتخار ناگی میڈیا و ڈیجیٹل منیجر کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیخلاف افغان اسکواڈ کا اعلان، راشد خان کپتان مقرر

پہلا ٹی ٹوئنٹی جمعے کو کھیلا جائے گا، پاکستان نے سینئرز کو آرام دیتے ہوئے نئے ٹیلنٹ کو تجربہ دلانے کا فیصلہ کیا ہے، گرین شرٹس کو تیاریوں اور کمبی نیشن کو حتمی شکل دینے کیلیے صرف ایک دن ملے گا۔

سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں شاداب خان نے کہا کہ قومی ٹیم کی قیادت ہر کرکٹر کا خواب ہوتا ہے،میں یہ موقع ملنے پر اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کروں وہ کم ہوگا،میں باصلاحیت کھلاڑیوں سے مزین نوجوان ٹیم کی قیادت کیلیے پُرجوش ہوں، ہم جارحانہ اور جدت پسندانہ کرکٹ کھیلیں گے،نوجوان کرکٹرز ہمارا مستقبل ہیں، ان کو سپورٹ کرنا نہ بھولیں۔

یاد رہے کہ شارجہ میں پاکستان کا ریکارڈ شاندار رہا ہے، مختلف ٹیموں کیخلاف 6میچز میں گرین شرٹس ناقابل شکست رہے، ٹیم نے 5مقابلے جیتے، ایک ٹائی ہوا،پاکستان نے اس میدان پر افغانستان کیخلاف دونوں میچز میں کامیابی حاصل کی،دسمبر 2013 میں گرین شرٹس نے 6وکٹ سے فتح پائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان کو نئے پاکستانی ٹیلنٹ کا خوف ستانے لگا

دوسرا باہمی میچ گزشتہ سال ستمبر میں ہوا تھا،اس میں پاکستان نے سخت مقابلے کے بعد صرف ایک وکٹ سے کامیابی پائی تھی، افغانستان نے 6وکٹ پر 129رنز بنائے، جواب میں گرین شرٹس کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی اور 9وکٹیں گرنے کے بعد نسیم شاہ نے 2چھکے جڑ کر ہدف کا حصول 4بالز قبل ممکن بنا دیا تھا۔مجموعی طور پر پاکستان نے افغانستان کیخلاف تینوں میچز میں فتح پائی ہے۔

تیسرا مقابلہ دبئی میں اکتوبر 2021میں ہوا جس میں گرین شرٹس نے 5وکٹ سے جیت کو گلے لگایا، افغانستان نے 6وکٹ پر 147رنز بنائے، پاکستان نے ہدف 5وکٹ پر ایک گیند قبل عبور کیا، اس میں بابر اعظم کی ففٹی شامل تھی،شارجہ کی باؤنڈری چھوٹی ہونے کی وجہ سے بیٹرز کو جارحانہ اسٹروک کھیلنے میں آسانی ہوتی ہے مگر اسپنرز کا جادو چل جائے تو رنز بنانا آسان نہیں رہتا۔

افغان ٹیم کو کپتان راشد خان، مجیب الرحمان اور محمد نبی سمیت ایسے سلو بولرز کی خدمات حاصل ہیں جو پی ایس ایل میں حصہ لے چکے اور پاکستانی بیٹرز کی کمزوریوں سے بھی بخوبی آگاہ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں