ملتان سلطانز کے ٹیم منیجر حیدر اظہر پر ایک میچ کی پابندی عائد

اگلے برس ملتان سلطانز کے افتتاحی میچ میں شرکت سے محروم رہیں گے


ویب ڈیسک March 23, 2023
میچ ریفری روشن مہاناما نے پی سی بی کے فیصلہ کو برقرار رکھا (فوٹو: پی ایس ایل)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ملتان سلطانز کے ٹیم منیجر حیدر اظہر پر ایک میچ کی پابندی عائد کردی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملتان سلطانز کے ٹیم منیجر حیدر اظہر کو آرٹیکل 2.13 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا۔

لاہور قلندرز نے پی ایس ایل 8 کے فائنل میں ملتان سلطانز کو ایک رن سے شکست دی،ٹرافی اتنی قریب آ کر گنوانے پر سلطانز کے پلیئرز و آفیشلز سخت مایوس تھے۔

مزید پڑھیں: امپائرز سے تلخ کلامی، ملتان سلطانز کے منیجر پر پابندی

بعض وائیڈ بالز کے حوالے سے ریزرو امپائر آصف یعقوب سے احتجاج بھی کیا گیا، پھر جب فیلڈ امپائرز واپس آئے تو ٹیم منیجر و سی او او حیدر اظہر نے راشد ریاض کو مخاطب کرتے ہوئے شکایت کی، انھوں نے جواب دیا کہ وہ ابھی اس حوالے سے کوئی بات نہیں کر سکتے۔

ایسے میں انگلینڈ کے امپائر ایلکس وارف بھی وہاں پہنچ گئے، وہ بھی معاملے کو سمجھ گئے اور حیدر کو قوانین کا بتانے لگے،وہاں بات بگڑ گئی یوں تلخ کلامی شروع ہوگئی تھی۔

مزید پڑھیں: لاہور قلندرز مسلسل دوسری بار پی ایس ایل کی فاتح بن گئی

میچ ریفری روشن مہاناما نے پی سی بی کی جانب سے حیدر اظہر پر عائد کی گئی ایک میچ کی پابندی کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ واقعہ مایوس کن ہے کہ یہ شاندار ٹورنامنٹ ایک ٹیم مینیجر کی بدتمیزی کے ساتھ ختم ہوا۔

روشن مہاناما نے کہا کہ حیدر اظہر کے اقدامات اس خوبصورت کھیل کی اقدار اور روح کے سراسر خلاف تھے اور یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں اس بات کو یقینی بناؤں کہ اس طرح کی خلاف ورزیوں سے سختی سے نمٹا جائے۔

انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایک میچ کی پابندی کھلاڑیوں اور معاون عملے کیلئے سبق ہے، انہیں امپائر کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں