بھارتی گلوکار سونو نگم کے والد کے گھر سے 72 لاکھ روپے کی چوری
سابق ڈرائیور گھر سے 72 لاکھ روپے چوری کر کے فرار ہو گیا
بھارتی گلوکار سونو نگم کے والد کے گھر سے پُرانا ڈرائیور لاکھوں روپے چوری کر کے فرار ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سونو نگم کے 76 سالہ والد کے لیے کام کرنے والے ڈرائیور پر گھر سے 72 لاکھ روپے چوری کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گلوکار کے والد اگم کمار نگم اوشیوارا، اندھیری ویسٹ میں ونڈسر گرینڈ بلڈنگ میں رہتے ہیں اور مبینہ چوری 19 مارچ سے 20 مارچ کے درمیان ان کی غیر موجودگی میں ہوئی۔
جس پر فوری سونو نگم کی چھوٹی بہن نکیتا کی جانب سے اوشیوارا پولیس اسٹیشن میں مبینہ چوری کی شکایت درج کروا دی گئی ہے۔
سونو نگم کی بہن نے پولیس کو بتایا کہ ان کے والد کے پاس تقریباً 8 ماہ سے ریحان نامی ڈرائیور کام کر رہا تھا لیکن حال ہی میں اس کی کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے کی وجہ سے اسے کام سے ہٹا دیا گیا تھا۔
اتوار کی دوپہر گلوکار کے والد اگم کمار کھانے کے لیے اپنی بیٹی نکیتا کے گھر گئے اور کچھ دیر بعد واپس آئےشام میں انہوں نے اپنی بیٹی کو فون کر کے بتایا کہ لکڑی کی الماری میں رکھے ڈیجیٹل لاکر سے 40 لاکھ روپے غائب ہیں۔ جس کے بعد اگم کمار اگلے دن کسی کام کے سلسلے میں اپنے بیٹے کے گھر گئے وہاں سے واپسی لوٹے تو معلوم ہوا کہ ان کے گھر کے ایک دوسرے لاکر سے مزید 32 لاکھ غائب ہیں۔
اگم کمار اور ان کی بیٹی نکیتا نے اپنی سوسائٹی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جس میں ان کے سابق ڈرائیور ریحان کو دونوں دن بیگ کے ساتھ ان کے فلیٹ کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا۔
سونو نگم کے والد نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان کے سابق ڈرائیور کے پاس ان کے فلیٹ کی ڈپلیکیٹ چابی ہے جس کی مدد سے وہ فلیٹ میں داخل ہوا اور گھر میں موجود ڈیجیٹل لاکر سے 72 روپے لوٹ کر فرار ہوگیا۔
پولیس نے سونو نگم کے والد کے گھر سے 72 لاکھ روپے چوری کی شکایت درج کرتے ہوئے ڈرائیور ریحان کی تلاش شروع کر دی ہے۔