جوڈیشل کمپلیکس ہنگامہ آرائی کیس اعظم سواتی کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور
پی ٹی آئی رہنما امجد خان نیازی سمیت 63 گرفتار کارکنان کی ضمانت بھی منظور
جوڈیشل کمپلیکس ہنگامہ آرائی کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔
پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی گئی جس پر اعظم سواتی اپنے وکیل بابر اعوان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
بابر اعوان نے کہا کہ اعظم سواتی کو ایف آئی آر میں سیاسی بنیادوں پر نامزد کیا گیا اور مقدمے سوچے سمجھے منصوبے کہ تحت درج کیے گئے، دہشت گردی کی دفعہ لگانے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
انہوں نے استدعا کی کہ اعظم سواتی جائے وقوعہ پر موجود بھی نہیں تھے اس لیے ضمانت منظور کی جائے۔
عدالت نے اعظم سواتی کی 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض 5 اپریل تک ضمانت منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ 18 مارچ کو عمران خان کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ سے متعلق تھانہ گولڑہ میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کو بھی نامزد کیا گیا۔
دوسری جانب، پی ٹی آئی رہنما امجد خان نیازی سمیت 63 گرفتار کارکنان کی ضمانت بھی منظور کر لی گئی۔
اے ٹی سی کے جج راجہ جواد عباس نے ضمانتیں منظور کیں۔ عدالت نے گرفتار کارکنان کو 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا۔