سندھ حکومت ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کی نشاندہی کرنیوالوں کو انعام دیگی
ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری روکنے کیلیے ترمیمی آرڈیننس جاری، ملوث عناصر کو جیل جانے کے ساتھ جرمانہ بھی ہوگا
سندھ حکومت کی طرف سے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کی نشاندہی کرنے والوں کو انعام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صوبے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کنٹرول کرنے اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سندھ حکومت نے ترمیمی آرڈیننس جاری کردیا، جس کے مطابق ضلعی سطح پر ریونیو افسران کو پرائس چیکنگ کے خصوصی اختیارات دیے گئے ہیں اور کارروائی کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ زائد قیمت پر فروخت کرنے والے اور ذخیرہ اندوز موقع پر گرفتار ہوسکیں گے۔
فیصلے کے مطابق اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی اور زائد قیمت پر فروخت کرنے والے عناصر جیل جانے کے ساتھ 2 لاکھ روپے تک جرمانہ بھی ادا کریں گے۔ نیز کاروباری مقامات اور مراکز پر اشیائے ضروریہ کی سرکاری لسٹ رکھنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے اور لسٹ نہ رکھنے پر 10 ہزار روپے سے ایک لاکھ روپے تک فوری جرمانہ ہوگا۔
علاوہ ازیں سندھ حکومت کی جانب سے ذخیرہ اندوزوں اور زائد قیمت لینے والوں کے خلاف اطلاع دینے والوں کو انعام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ درست اطلاع دینے والے شہریوں کو جرمانے کا 10 فیصد بطور انعام دیا جائے گا۔
ترمیمی آردیننس گورنر سندھ کے دستخط کے بعدجاری کردیا گیا ہے۔