سپریم جوڈیشل کونسل میں جسٹس نقوی کیخلاف ریفرنس پر ابتدائی کارروائی شروع
سیکریٹری سپریم جوڈیشل کونسل نے شکایت کنندگان سے ریفرنس سے متعلق مزید تفصیلات مانگ لیں
سپریم جوڈیشل کونسل میں جسٹس نقوی کے خلاف ریفرنس پر ابتدائی کارروائی شروع ہوگئی، سیکریٹری سپریم جوڈیشل کونسل نے شکایت کنندگان سے ریفرنس سے متعلق مزید تفصیلات مانگ لیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سیکریٹری سپریم جوڈیشل کونسل نے میاں داؤد ایڈووکیٹ کو مراسلہ جاری کیا ہے۔ یہ مراسلہ سپریم جوڈیشل کونسل انکوائری رولز کی دفعہ 5 کی ضمنی دفعہ 3 کے تحت جاری کیا گیا ہے جس میں میاں داؤد ایڈووکیٹ سے جسٹس نقوی کے یخلاف ریفرنس کی بابت بیان حلفی طلب کیا گیا ہے۔
دوسری جانب میاں داؤد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل انکوائری رولز کے تحت بیان حلفی قانونی تقاضا نہیں ہے، قانونی تقاضا نہ ہونے کے باوجود سپریم جوڈیشل کونسل کو بیان حلفی اسی ہفتے جمع کرا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ رولز کے تحت شکایت کنندہ نے صرف اپنی شناخت کی تصدیق کرنی ہوتی ہے، ایسی خط و کتابت جسٹس نقوی کے خلاف ریفرنس میں تکنیکی حربوں کے ذریعے تاخیر پیدا کرنے کی کوشش ہے، تاخیر پیدا کرکے سربراہ سپریم جوڈیشل کونسل بدنیتی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔