امریکا کے شام میں ایرانی ٹھکانوں پر جوابی فضائی حملے19 ہلاکتیں

ایرانی حمایت عسکری جماعت کے ڈرون حملے میں ایک امریکی کنٹریکٹر ہلاک اور 5 فوجی زخمی ہوگئے تھے


ویب ڈیسک March 24, 2023
امریکی طیاروں نے شام میں ایرانی حمایت یافتہ عسکری تنظیم پر حملہ کیا؛ فوٹو: فائل

امریکی طیاروں نے شام میں انتقامی کارروائی کے دوران ایرانی ٹھکانوں پر بمباری کی جس میں 19 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ فضائی کارروائی ڈرون حملے میں امریکا کے ایک کنٹریکٹر کی ہلاکت اور 5 امریکی فوجیوں کے زخمی ہونے کے جواب میں کی گئی۔

امریکی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کیا جس میں ایران نواز عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

امریکی فوج کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ فضائی حملے میں ایران کے حمایت یافتہ 19 جنگجو مارے گئے جب کہ متعدد زخمی ہیں اور ان کے اسلحہ ڈپو کو بھی تباہ کردیا۔

امریکی حملے میں ہلاک ہونے والوں میں 3 شامی فوجی، حکومت نواز تنظیم کے 11 جنگجو اور حکومتی اتحاد میں شامل ایک ملک کے تین جنگجو شامل ہیں جن کے بارے میں قیاس ہے کہ یہ ایرانی فوجی تھے۔

ایران کے حمایت یافتہ عسکری تنظیم نے امریکی حملے میں دو کمانڈرز کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو جلد ہی جواب دیا جائے گا۔ اپنے ساتھیوں کے خون کو معاف نہیں کریں گے۔

دوسری جانب ایران کے سرکاری ٹیلی وژن پر امریکی حملے میں کسی ایرانی شہری کی ہلاکت کی تردید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اس حوالے سے امریکا کا دعویٰ بے بنیاد اور مضحکہ خیز ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں