ایل سیز کا معاملہ انڈس موٹرز کا پلانٹ بند کرنے کا اعلان

خام مال کی عدم دستیابی کے سبب 24 تا 27 مارچ پلانٹ مکمل طور پر بند رکھا جائے گا، ترجمان انڈس موٹرز


Business Reporter March 24, 2023
خام مال کی عدم دستیابی کے سبب 24 تا 27 مارچ پلانٹ مکمل طور پر بند رکھا جائے گا، ترجمان انڈس موٹرز (فوٹو : فائل)

انڈس موٹرز نے ایل سیز نہ کھلنے پر خام مال کی قلت کے سبب چار روز کے لیے پلانٹ بند کرنے کا اعلان کردیا۔

ملک میں ڈالرز کی قلت اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے در آمدات کے لیے ایل سیز نہ کھولنے کے باعث خام مال کی در آمد کا معاملہ انتہائی سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے اور مقامی کار ساز کمپنی انڈس موٹرز نے چار روز کے لیے اپنا پلانٹ مکمل طور پر بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ٹویوٹا گاڑی تیار کرنے والی انڈس موٹرز کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو مطلع کیا ہے کہ ڈالرز کی قلت اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے خام مال کی در آمد کے لیے ایل سیز جاری نہ کیے جانے کے باعث کمپنی کے لیے اپنا پلانٹ چلانا ممکن نہیں رہا۔

کمپنی ترجمان کے مطابق گاڑیوں کی تیاری کے لیے اس وقت کمپنی کے پاس مناسب انوینٹری موجود نہیں ہے اور خام مال کی قلت کے سبب کمپنی کی سپلائی چین متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

کمپنی ترجمان کے مطابق انڈس موٹرز نے موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے 24 مارچ سے 27 مارچ تک چار روز کے لیے اپنا پلانٹ مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمپنی ذرائع کے مطابق مذکورہ مدت کے بعد پلانٹ کو مکمل یا جزوی طور پر چلانے کا کوئی بھی فیصلہ خام مال کی دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔