حکومت سے نہایت خلوص اور دیانتداری سے مذاکرات کا آغاز کیا گیا،ترجمان طالبان فوٹو: فائل
کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قیام امن کی خاطر کی جانے والی عارضی جنگ بندی میں مزید توسیع نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنگ بندی کی ڈیڈ لائن ختم ہوئے 6 روز گزر گئے لیکن حکومت نے ہمارے مطالبات پرکسی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جس کے باعث جنگ بندی میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی تاہم مذاکراتی عمل جاری رہے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت سے نہایت خلوص اور دیانتداری سے مذاکرات کا آغاز کیا گیا تاہم حکومت کی غیر سنجیدگی دیکھتے ہوئے معاملات کو آگے بڑھانا مشکل ہوگیا ہے اور تمام تر صورتحال سے متعلق مذاکراتی کمیٹی کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
شاہد اللہ شاہد نے کہا کہ جنگ بندی کے 40 روز کے دوران ہمارے 50 سے زائد ساتھیوں کو ہلاک اور 200 سے زائد کو گرفتار کیا گیا ۔
واضح رہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے یکم مارچ کو ایک ماہ کی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا اوربعد میں اس میں مزید 10 دن کی توسیع کردی تھی جو 10اپریل کو ختم ہوگئی۔