خیبر پختون خوا میں بارشیں چھتیں گرنے سے چار افراد جاں بحق 17 زخمی
خیبر پختون خوا میں بارشوں کے سبب مکانات کی چھتیں گرنے سے چار افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے، سیکڑوں مکانات کو جزوی نقصان پہنچا اور سردی میں بھی اضافہ ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختون خوا میں وقفے وقفے سے بارشیں جاری ہیں۔ ضلع خیبر وادی تیراہ میں بارش کے باعث کمرے کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ گھریلو سامان کو نقصان پہنچا ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ خیبر تحصیل باڑہ کے علاقے نالہ میں بھی کمرے کی چھت گرگئی جس سے ایک شخص زخمی ہوا ہے، جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق ضلع بھر میں درجنوں مکانات کو جزوی نقصان ہہنچا ہے۔
پشاور کی صورتحال
پشاور میں دو روز سے جاری وقفے وقفے سے تیز اور ہلکی بارش سے موسم سرد ہو جانے سے گرم ملبوسات کا استعمال شروع ہو گیا۔
جمعہ کے روز سے پشاور اور صوبے کے بیشتر حصوں میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور سردی ترین پہاڑی بعض علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے جو آج شام تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مروزئی بہادر کل میں چھت گرنے سے چھ افراد دب گئے
پشاور کے علاقے مروزئی بہادر کلی میں گھر کی چھت گرنے سے ابتدائی طور پر چھ افراد ملبے میں دب گئے جس میں دو بچے اور ایک خاتون شامل ہیں۔ امدادی ادارے 1122 نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ملنے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔
زخمیوں میں 45 سالہ رضوان عمر، 5 سالہ ریحان اللہ، دو ساسلہ زین عمر، 20 سالہ شاہنوازعمر، 30 سالہ حسین عمر اور 22 سالہ لڑکی (ن) شامل ہیں۔
متنی میں چھت گرنے سے دو افراد دب گئے
اسی طرح پشاور کے علاقے متنی میں بھی گھر کی چھت گرگئی۔ ابتدائی طور پر ملبے کے نیچے دو فراد دب گئے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں جائے حادثہ پر پہنچ کر دو افراد کو نکالا اور اسپتال منتقل کیا۔ ان میں ایک زخمی 22 سالہ ایاز عمر شامل تھا جب کہ 40 سالہ ایک شخص اعجاز عمر جاں بحق ہوگیا۔
ماڑی چونگی میں چھت گرنے سے پانچ افراد دب گئے
بھانہ ماڑی چونگی میں کمرے کی چھت گرنے سے 5 افراد ملبے میں دب گئے۔ امدادی ادارے 1122 نے پہنچ کر دو زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جب کہ تین زخمیوں کو موقع پر ہی امداد دے کر روانہ کردیا۔ ہسپتال منتقل کیے جانے والے زخمیوں میں 60 سالہ جہانزیب عمر اور 12 سالہ محمد عمر شامل ہیں۔
حالیہ بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ جاری
پی ڈی ایم اے نے حالیہ بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔ حالیہ بارشوں سے مختلف اضلاع میں گھروں کے چھتیں گرنے کے واقعات میں اب تک 4 افراد جاں بحق اور 17 افراد زخمی ہوگئے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بارشوں سے 6 مکانات کو نقصان پہنچا ہے، ضلعی انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات کردی ہے۔
بالائی علاقوں میں برف باری
وقفے وقفے سے جاری بارشوں کے سبب ضلع ٰخیبر میں موسم سہانا ہوگیا، بالاٸی علاقوں میں برفباری سے سردی لوٹ آئی، شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال دوبارہ شروع کردیا۔