رینجرز و پولیس کے اورنگی اور لیاقت آباد میں چھاپے پانچ کرمنلز گرفتار
خفیہ اطلاعات کی بنا پر کیے گئے آپریشن میں تین ملزمان کو اورنگی ٹاؤن اور دو ملزمان کو لیاقت آباد سے گرفتار کیا گیا
رینجرز اور پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر اورنگی ٹاؤن اور لیاقت آباد میں مشترکہ کارروائیوں میں ڈکیتیوں اور منشیات فروشی میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اورنگی ٹاؤن سے ڈکیتی، چوری، اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزمان حکمت اللہ عرف بادام، ظاہر شاہ اور عبدالرشید عرف اکبر، اورنگی ٹاؤن اور سائٹ ٹاؤن میں کاروباری لوگوں کی ریکی کر کے بینک سے رقم لینے یا جمع کروانے کے لیے جاتے وقت لوٹ لیتے تھے، گرفتار ملزمان پارکنگ ایریا سے موٹر سائیکلیں بھی چوری کرنے کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ملزمان چوری شدہ موٹر سائیکلیں بلوچستان کے علاقے حب ساکران میں واقعے چیکو باغ لے جا کر فروخت کر دیتے تھے اور اس سے حاصل ہونے والے رقم سے ہول سیلرز سے چرس اور آئس خریدتے تھے اور وہ کراچی کے مختلف علاقوں فقیر کالونی، اورنگی ٹاؤن اور گرد و نواح میں فروخت کرتے تھے۔
ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی 100 سے زائد وارداتوں میں 150 سے زائد موبائل فون اور تقریباً 5 لاکھ روپے سے زائد نقدی رقم لوٹنے کا اعتراف کیا ہے، گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رے ہیں، گرفتارملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
لیاقت آباد سے ڈکیت گروہ کے دو ارکان گرفتار
اسی طرح پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر ایک اور کارروائی میں لیاقت آباد سے چوری، ڈکیتی اور منشیات فروشی میں ملوث دو ملزمان سرغنہ کاشان اور رشید عرف نوید بھنگی گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کا تعلق جناتی ڈکیت گروہ سے جو 2013ء سے شہر کے مختلف علاقوں حسین آباد، کریم آباد، غریب آباد، لالو کھیت، ڈاک خانہ، تین ہٹی، نیو گولیمار، رضویہ سوسائٹی، ناظم آباد، بورڈ آفس، نیو کراچی اور سرجانی سمیت دیگر علاقوں میں چوری، ڈکیتی اور موبائل فون چھیننے کی 250 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ترجمان کے مطابق دوران تفتیش ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ جرائم پیشہ افراد کو غیر قانونی اسلحہ کرائے پر فراہم کرنے میں بھی ملوث ہیں، ملزمان عادی مجرم ہیں اور متعدد بار گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رے ہیں، گرفتارملزمان کو مع اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔