کراچی میں تین پولیس مقابلے پانچ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

سپر ہائی وے مقابلے کا ایک ملزم فرار، سچل اور ٹیپو سلطان پولیس نے دو دو ملزمان پکڑے، تمام ملزمان سے اسلحہ برآمد

(فائل : فوٹو)

سائٹ سپر ہائی وے، سچل اور ٹیپو سلطان پولیس نے مقابلوں کے بعد پانچ اسٹریٹ کرمنلز کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے اسکیم 33 احسن آباد النور سوسائٹی فیز ون گراؤنڈ سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، زخمی ڈاکو کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت 35 سالہ زوہیب ولد انور کے نام سے کی گئی، گرفتار ملزم کا ایک ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگیا۔

یہ پڑھیں : کراچی میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے چار افراد زخمی

گرفتار ملزم سے ایک پستول مع ایمونیشن، موبائل فون، کچھ نقدی اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی، گرفتار ملزم سے علاج و معالجے کے بعد اس کے فرار ہونے والے ساتھی اور وارداتوں کے حوالے سے تفتیش کی جائے گی۔

اسی طرح سچل پولیس نے سپرہائی وے کچا پکا روڈ اسکیم 33 عندلیب سوسائٹی ہاشم چوک کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ زخمی ملزمان کو پولیس کی حراست میں طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔


ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت 32 سالہ شانی احمد ولد ابراہیم اور 31 سالہ زوہیب ولد غلام حسین کے نام سے کی گئی، گرفتار ملزمان سے 2 نائن ایم ایم پستول مع ایمونیشن، موبائل فونز، کچھ نقدی اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی، گرفتار ملزمان سے علاج و معالجے کے بعد ان کے دیگر ساتھیوں اور وارداتوں کے حوالے سے تفتیش کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : رینجرز و پولیس کے اورنگی اور لیاقت آباد میں چھاپے، پانچ کرمنلز گرفتار

ٹیپو سلطان پولیس نے عبدالقدیر روڈ سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان کو پولیس کی حراست میں چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت شاہ رخ اور محمود کے نام سے کی گئی، گرفتار ملزمان سے 2 پستول مع ایمونیشن، موبائل فونز، کچھ نقدی اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی، گرفتار ملزمان سے علاج و معالجے کے بعد ان کے دیگر ساتھیوں اور وارداتوں کے حوالے سے تفتیش کی جائے گی۔

دریں اثنا ٹیپو سلطان پولیس کے ہاتھوں مقابلے کے دوران گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش درجنوں وادراتوں کا اعتراف کرلیا۔ ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق زخمی ملزم شاہ رخ اور محمود نے اسٹریٹ کرائم کے ساتھ گاڑیوں سے قمیتی سامان، خواتین سے پرس چھیننے، لیپ ٹاپ چھیننے میں ملوث ہیں۔

ملزم شاہ رخ کو 25 سیکنڈ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں قیمتی سامان چوری کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ملزمان شارع فیصل بلوچ کالونی، ٹیپو سلطان سگنل، نرسری پر کھڑی گاڑیوں سے سامان چوری کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق ملزمان وادرتوں کے دوران اسلحہ ساتھ رکھتے تھے، ملزمان نے دوران تفتیش چوری کا سامان خریدنے والے افراد کی تفصیلات بھی دی ہیں جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
Load Next Story