نوجوان بیٹرز انٹرنیشنل کرکٹ کا دباؤ نہ جھیل پائے

مسلسل دوسرے میچ میں پاکستانی ٹاپ آرڈر بیٹنگ ناکام رہی،صائم ایوب اور عبد اللہ شفیق کھاتہ بھی نہ کھول پائے


Saleem Khaliq March 27, 2023
عماد وسیم نے ناقابل شکست 64 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 6 وکٹ پر 130 تک پہنچایا۔ فوٹو: اے سی بی

نوجوان بیٹرز انٹرنیشنل کرکٹ کا دباؤ نہ جھیل پائے جب کہ مسلسل دوسرے میچ میں پاکستانی ٹاپ آرڈر بیٹنگ ناکام رہی۔

شارجہ میں مسلسل دوسری بار شاداب خان نے ٹاس جیت کر پاکستانی بیٹرز کی صلاحیتوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا،اس بار بھی اننگز کا تباہ کن انداز میں آغاز ہوا۔

فضل حق فاروقی کی دوسری ہی گیند صائم ایوب کے بیٹ کا کنارہ چھوتی ہوئی وکٹوں کے عقب میں گئی جسے رحمان اللہ گرباز نے بائیں جانب ڈائیو لگا کر عمدگی سے تھام لیا، اگلی ہی گیند عبد اللہ شفیق نے وکٹوں کے سامنے پیڈز پر وصول کی،زوردار اپیل پر امپائر نے انگلی بلند کر دی۔

بیٹر جاتے جاتے ریویو بھی گنوا گئے، یوں پہلے ہی اوور میں ٹیم نے صفر پر 2 وکٹیں گنوا دیں،عظمت اللہ کو مسلسل 2 چوکوں اور ایک ڈاٹ بال کے بعد چھکے سے محمد حارث نے پاکستانی شائقین کو کچھ آس دلائی، اوور میں 18 رنز بنے، فاروقی نے اپنے دوسرے اوور میں صرف 1 رن دیا، نوین الحق نے آتے ہی تیسری گیند پر حارث (15) کی وکٹ بھی حاصل کر لی، کیچ وکٹ کیپر رحمان اللہ نے تھاما۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان نے پاکستان کو ٹی 20 سیریز میں شکست دیکر نئی تاریخ رقم کردی

20 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد عماد وسیم نے طیب طاہر کو جوائن کیا،دونوں نے محتاط انداز سے اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا،پاور پلے میں اسکور35 رہا، عماد نے مجیب الرحمان کو مڈ آن پر چھکے سے دباؤ کم کرنا چاہا مگر اس وقت تک ٹیم کا رن ریٹ بہت کم تھا، کریم جنت نے اپنے پہلے ہی اوور میں طیب طاہر (13) کو بھی پویلین بھیج دیا، اسکوائر لیگ پر عظمت اللہ عمر زئی نے کیچ لیا،طیب نے سست روی سے کھیلتے ہوئے23 بالز پر 13رنز بنائے۔

10 اوورز میں گرین شرٹس نے 4 وکٹیں گنوا کر محض 60 رنز بنائے تھے،اعظم خان اس بار بھی ناکام رہے، راشد خان نے ایک رن پر انھیں ایل بی ڈبلیو کر دیا، عماد نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا،ساتھ شاداب خان بھی موجود تھے۔

اس دوران ٹیم خاصی دیر تک باؤنڈری کو ترستی رہی،17ویں اوور میں عماد نے فضل حق فاروقی کو بیک ورڈ پوائنٹ پوزیشن پر چھکا رسید کر کے اپنی اولین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ففٹی مکمل کر لی، 17.4 اوور میں پاکستان کی سنچری مکمل ہوگئی۔

اختتامی اوورز میں شاداب نے بھی کچھ ہاتھ کھولے،نوین الحق نے 20 ویں اوور میں 15رنز دیے،پاکستان ٹیم نے6 وکٹ پر 130رنز اسکور کیے، عماد وسیم نے بالز پر3 چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 64رنز بنائے، شاداب خان آخری گیند پر رن آؤٹ ہوئے،25بالز پر محیط ان کی 32 رنز کی اننگز میں3 چوکے شامل رہے،فضل نے 19 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں