بھارت میں علیحدگی پسند جنگجوؤں نے جیل توڑ دی ایک اہلکار قتل اور متعدد زخمی

ناگالینڈ کی علیحدگی پسند جماعت کے صرف دو جنگجوؤں نے پورے تھانے کو تگنی کا ناچ نچوا دیا


ویب ڈیسک March 27, 2023
علیحدگی پسند جنگجوؤں نے بھارتی پولیس کے متعدد اہلکاروں کو زخمی بھی کیا؛ فوٹو: فائل

بھارتی ریاست ارونا چل پردیش میں ناگا علیحدگی پسند تنظیم کے دو گوریلا جنگجو ترپ ضلع کی جیل کو توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جیل میں ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں نے جنگجوؤں کو روکنے کی کوشش کی تاہم جنگجو ایک پولیس اہلکار کو قتل اور متعدد کو زخمی کرکے جیل سے بھاگ گئے۔

جیل توڑ کر فرار ہونے والے جنگجوؤں کی شناخت روکیش ہومچا اور ٹپتو کٹنیا کے نام سے ہوئی ہے۔ ان دونوں کو پولیس مقابلے میں حراست میں لیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ بھارتی ریاست ارونا چل پردیش میں نیشنل سوشلسٹ کونسل آف ناگالینڈ نامی جماعت اپنی الگ ریاست بنانے کے لیے مسلح جدوجہد کر رہی ہے۔

تاحال بھارتی فوج اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے کئی مشترکہ مہمات کرنے کے باجود علیحدگی پسندوں کو شکست دینے میں ناکام رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں غیر منصفانہ وسائل کی تقسیم اور ملکی دولت اشرافیہ تک محدود رہنے کے باعث غربت میں اضافے کی وجہ سے کئی ریاستوں میں علیحدگی پسند تنظیمیں اپنے حق کے لیے عسکری جدوجہد کر رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں