افغانستان وزارت خارجہ کے دفتر پر خود کش حملے میں 6 افراد جاں بحق

چھ ماہ میں افغانستان کے وزارت خارجہ کے دفتر پر یہ تیسرا بڑا حملہ ہے


ویب ڈیسک March 27, 2023
افغانستان میں وزارت خارجہ کے دفتر پر خودکش حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے؛ فوٹو: فائل

افغانستان کے دارالحکومت میں واقع وزارت خارجہ کے دفتر کے سیکیورٹی گیٹ پر حملہ آور نے خود کو بارودی مواد کے دھماکے سے اُڑالیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان طالبان نے اپنے بیان میں 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خود کش حملہ آور کو چیک پوسٹ پر رکنے کا اشارہ کیا گیا تھا۔

ترجمان طالبان کے مطابق خود کش بمبار نہیں رکا تو سیکیورٹی اہلکار نے اس پر گولیاں چلادی دیں جس سے وہ زخمی ہوکر گر گیا اور اسی وقت خود کش دھماکا کردیا۔

خود کش حملے میں 10 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 3 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ خبر پڑھیں : چینی وفد کی طالبان سے کابل میں ملاقات کے وقت خودکش حملہ؛ 20 ہلاک

ہلاک ہونے والے تمام افراد شہری ہیں تاہم زخمیوں میں سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔ حملہ آور کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے تاہم اب تک اس کی شناخت معلوم نہیں ہوسکی۔

تاحال کسی شدت پسند گروپ نے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے سیکیورٹی اہلکاروں، سرکاری دفاتر اور امام بارگاہوں پر حملوں میں داعش خراسان ملوث رہی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : کابل میں وزارت داخلہ کے دفتر کی مسجد میں دھماکا؛ 4 جاں بحق اور 25 زخمی

طالبان نے حال ہی میں داعش خراسان کے خلاف کارروائی میں بڑی کامیابیاں حاصل کی تھیں اور داعش برصغیر کے سربراہ سمیت اہم کمانڈرز کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آج وزارت خارجہ پر ہونے والا خود کش حملہ داعش خراسان کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کا انتقام ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ چھ ماہ میں افغانستان کے وزارت خارجہ کے دفتر پر یہ تیسرا بڑا حملہ ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں