لاپتہ کارکن آج ایم کیو ایم کے تحت پریس کلب پرمظاہرہ ہوگا

ڈیتھ اسکواڈ نے مزید 11 کارکن لاپتہ کردیے، 48 گھنٹے میں 3 کارکن قتل کیے جاچکے ہیں،رابطہ کمیٹی

ڈیتھ اسکواڈ نے مزید 11 کارکن لاپتہ کردیے، 48 گھنٹے میں 3 کارکن قتل کیے جاچکے ہیں،رابطہ کمیٹی

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہاہے کہ ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں کی غیرقانونی گرفتاریوں، انھیں لاپتہ کرنے، کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل اورٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف آج (جمعرات کو) شام 5 بجے کراچی پریس کلب پر ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیاجائے گا۔

ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں پولیس اورکالے شیشوں والی بغیر نمبرپلیٹ والی ڈبل کیبن گاڑیوں میں سوارسادہ لباس اہلکاروں کی جانب سے ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں کو گرفتار کیا جارہا ہے، انھیں تھانوں، مختلف ٹارچرسیلوں میں رکھ کروحشیانہ تشددکانشانہ بنایارہاہے، مختلف مقدمات میں ملوث کرنے کی دھمکیاں دے کران کی رہائی کیلیے اہل خانہ سے لاکھوں روپے رشوت لی جارہی ہے، انھیں لاپتہ کیا جارہا ہے اورگرفتار شدگان کوعدالتوں میں پیش کرنے کے بجائے ماورائے عدالت قتل کرکے مسخ لاشیں پھینکی جارہی ہیں، گزشتہ ایک ماہ کے دوران ایم کیوایم کے 5 لاپتہ کارکنوںکی مسخ لاشیں مل چکی ہیں۔


رابطہ کمیٹی نے کارکنان وعوام سے اپیل کی کہ وہ اس احتجاجی مظاہرے میں شرکت کریں اورظلم کے خلاف بھرپور احتجاج کریں۔ دریں اثنا ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروںکی جانب سے ایم کیوایم کے ذمے داروں،کارکنان اورہمدردوں کے گھروں پرغیرقانونی چھاپوںاور گرفتاریوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ڈبل کیبن گاڑیوں میں سوار ڈیتھ اسکواڈ کے سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں کی جانب سے ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کی گرفتاریوں کا سلسلہ بدستورجاری ہے اور گزشتہ کئی دنوں سے گرفتارکیے جائے والے کارکنان کے بارے میں آج کے دن تک کچھ بتایا نہیں جارہا کہ انھیں کیوں اورکس نے گرفتارکیا ہے اورگرفتارکرکے کہاں رکھا گیا ہے۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ منگل کی رات سے بدھ تک ایم کیوایم کے مزید11 کارکنان وہمدردوں کو گرفتارکیا گیا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے مزید کہاکہ منگل 15 اپریل کوایم کیوایم اسکیم 33 سیکٹرکے یونٹ احسن آباد کے کارکنان عبدالرزاق، محمدرمیز، محمد نذیر، ایم کیوایم لانڈھی سیکٹرکے یونٹ 87 کے کارکن کلیم الدین کوگرفتار کرلیا گیاجبکہ آج 16 اپریل کو سرکاری اہلکاروں نے ایم کیوایم لیاقت آباد سیکٹرکے یونٹ 158 کے کارکن محمد عادل، یونٹ 159 کے کارکن سید محمد یاور، اورنگی ٹاؤن سیکٹرکے یونٹ 118-A کے کارکن شہباز، سرجانی ٹاؤن سیکٹرکے سرکل انچارج جاوید قریشی، ایم کیوایم بلدیہ ٹاؤن سیکٹرکے یونٹ 116 کے ہمدرد محمد شکیل، یونٹ 117 کے کارکن محمد رفیق اوراسی یونٹ کے ہمدرد عمران کو گرفتارکرلیا۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں ایم کیوایم کے 3 کارکنوں کوشہیداورکئی کارکنوں کو زخمی کیا جاچکاہے، اردوبولنے والے ڈاکٹروں، پروفیسروں اور وکیلوں کو قتل کیاجارہا ہے اور شہریوں کے جان ومال کو کسی بھی قسم کاتحفظ حاصل نہیں لیکن سندھ حکومت کے بعض وزرا کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کی کامیابی کے دعوے کرکے شہریوں کے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم ، وفاقی وزیرداخلہ ، گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیاکہ ایم کیوایم کے بے گناہ ذمے داران ، کارکنان اور ہمدردوں کی غیرقانونی گرفتاریوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے، غیرقانونی چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ فی الفور بند کرایا جائے اور تمام گرفتارشدگان کی بازیابی کیلیے عملی اقدام کیے جائیں۔
Load Next Story