قومی اسمبلی حکومت کا ایکسپورٹ سیکٹر کے لیے بجلی سبسڈی ختم کرنے کا اعتراف
آئی ایم ایف کی ہدایت پر ایکسپورٹ سیکٹر کو رعایتی قیمت پر ملنے والی بجلی اب دیگر سیکٹرز کے ریٹ ہی پر ملے گی
وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی میں ایکسپورٹ سیکٹر کے لیے بجلی سبسڈی ختم کرنے کا اعتراف کرلیا۔
پارلیمانی سیکرٹری رانا ارادت شریف نے مسلم لیگ ن کے رکن شیخ فیاض الدین کے سوال پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی ہدایت پر ایکسپورٹ سیکٹر کو رعایتی قیمت پر ملنے والی بجلی اب دیگر سیکٹرز کے ریٹ ہی پر ملے گی۔
برآمدات کے شعبے کی بجلی سبسڈی ختم کرنے سے متعلق حکومتی جواب پر جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی برس پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم آئی ایم ایف کی غلامی کی آخری حد تک گر گئے ہیں۔ کیا اب ہمیں اپنے گھر میں داخل ہونے اور اسمبلی آنے کے لیے بھی آئی ایم ایف سے پوچھنا پڑے گا۔
رکن اسمبلی وجیہہ قمر نے مطالبہ کیا کہ وزارتِ توانائی سمیت جن جن گریڈ 16 سے 22 تک کے افسران کو مفت بجلی یونٹ ملتے ہیں وہ فوری ختم کیے جائیں اور مفت یونٹ والی رقم ایکسپورٹ سیکٹر کو دے کر ملکی آمدن بڑھائی جائے۔