سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ بنے یا فل بینچ ہمیں فرق نہیں پڑتا عمران خان

ہم تو صرف آئین کے مطابق 90 روز میں الیکشن کا انعقاد چاہتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک March 30, 2023
ہم تو صرف آئین کے مطابق 90 روز میں الیکشن کا انعقاد چاہتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ بنے یا فل بینچ، ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے ٹوئٹ کی کہ الیکشن التوا کیس کی سماعت کے لیے سپریم کورٹ کا چاہے پانچ رکنی بینچ ہو یا فل بینچ، ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، ہم صرف یہ جانناچاہتےہیں کہ انتخابات آئین میں فراہم کردہ مدت (90روز)کےدوران ہورہے ہیں یا نہیں!۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے پنجاب اور کے پی کی اسمبلیاں تحلیل کرنے سے قبل اپنے اعلی ترین آئینی ماہرین سے مشاورت کی تھی ، جن سب کی متفقہ رائے یہی تھی کہ 90 روز میں الیکشن کرانے کی آئینی شق سے انحراف نہیں کیا جاسکتا، لیکن اب مجرموں کی امپورٹڈ حکومت، ان کے سرپرست اور نہایت متنازعہ الیکشن کمیشن نے آئین کا کھلا مذاق بنایا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دستور کی مختلف شقوں کو اپنے لیے قابلِ عمل جبکہ دیگر کو ناقابلِ نفاذ قرار دیکر یہ گروہ دراصل پاکستان کی اساس پر حملہ آور ہے جو آئین و قانون کی حکمرانی پر استوار ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ یہ لوگ انتخابات سے اس حد تک خوفزدہ اور اپنےسزایافتہ مجرم قائدین کو بچانےکیلئےاس قدر بے چین ہیں کہ دستور و قانون کی حکمرانی کی آخری علامت تک کو مٹانے پر آمادہ ہیں۔



واضح رہے کہ حکومت نے سپریم کورٹ سے کیس میں فل کورٹ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں