علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

3 تا 9 اپریل 2023

3 تا 9 اپریل 2023

برج حمل
سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا20 اپریل

چاند، اولاد، محبت، صحت و بزنس، ازدواجی امور اور گھر کے ماحول کے امور کو متحرک کرسکتا ہے، مریخ گھر کے ماحول میں کچھ خرابیاں، ناچاقیاں اور تلخیاں لاسکتا ہے، ازدواجی تعلق میں بگاڑ نظر آرہا ہے۔

آپ خاصے جذباتی محسوس ہوتے ہیں، اس سلسلے میں یہ سات دن یعنی مکمل ہفتہ احتیاط طلب ہے۔ آخری دن خصوصاً جب قمر عقرب اور کیتو کی دلدل میں ہوگا۔ مالی حالت بہتر ہوتی نظر آتی ہے۔

برج ثور
سیارہ زہرہ ، 21اپریل تا 20 مئی
زہرہ آپ کے طالع میں ہے۔ آپ پہلے سے زیادہ سمجھ داری کا مظاہرہ کررہے ہیں، لیکن اسی ہفتے محبت کا بھوت آپ کی سمجھ داری کو نادانی میں بدل سکتا ہے۔ مریخ آپ کی سوچوں کو ایسا جذباتی کرسکتا ہے کہ آپ اچھے اور برے کی تمیز کھوسکتے ہیں۔

آپ کو محبت اور مصیبت میں فرق سمجھنا ہوگا، تاکہ آپ کے دامن پر کوئی داغ نہ لگے، اسی دورانیے میں آپ کی منگنی بھی ہوسکتی ہے یا رشتہ طے ہونے کی طرف بات بڑھ سکتی ہے۔

برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون
آپ کا سیارہ اسی ہفتے بارھویں خانے جارہا ہے جہاں وہ اس گھر کے مالک کے قریب ہوجائے گا۔ گویا بیرون ملک بزنس،کام، رہائش اور سفر کے امور میں پیش رفت ممکن ہے، یہاں زہرہ محبت کا سیارہ بھی ہے، خفیہ مراسم کے بھی اشارے ہیں۔

اچھے یا برے اس کے آپ خود جواب دہ ہیں لیکن آپ کی عزت و وقار کے خانے میں زحل موجود ہے جوکہ ایک نحس گھر کا نمائندہ ہے۔ یعنی عزت متاثر ہونے کا اندیشہ موجود ہے۔ اس ہفتے کے آخری دو ایام میں مالی نقصان کا اندیشہ ہے۔

برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی
چودھویں کا چاند آپ کے کیریئر میں کوئی بہتری لاسکتا ہے، ایسا جمعرات یا جمعہ کو ممکن ہے باس کا رویہ کچھ نامناسب ہوسکتا ہے ، آپ کو غصہ آسکتا ہے۔

آپ اپنے اعصاب کو قابو رکھیں۔ اس ہفتے کے آخر میں خصوصاً، آپ کی جلدبازی آپ کی راہ میں روڑا اٹکاسکتی ہے۔ دوستوں کا تعاون تو حاصل ہوگا ہی یہاں ایک فرد ایسا بھی نظر آرہا ہے جو آپ کا آشنا نہیں ہے لیکن اس سے آپ کا بھلا ہوسکتا ہے۔

برج اسد
سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست
آپ کا ستارہ شمس شرف میں ہے اور مشتری کے ساتھ ہے یہ وقت بارہ سال کے بعد ہی آئے گا یہ وقت عمرہ، زیارت یا کسی بزرگ سے قرب کی نشان دہی کررہا ہے۔

دورانِ سفر کچھ مشکل ہوسکتی ہے، نیند متاثر ہوسکتی ہے، صحت کا کوئی چھوٹا سا بھی معاملہ ہو اسے سنجیدہ لیں ورنہ اندیشہ ہے کہ وہ معمولی معاملہ سیریس مرض کی شکل اختیار کرسکتا ہے اور ایک لمبے وقت کے لیے دوائیں پھانکنا پڑ سکتی ہیں۔ گھر میں نقصان ہوسکتا ہے، محتاط رہیں۔


برج سنبلہ
سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر
آپ کا سیارہ مشکل خانے سے سعادت کے خانے یعنی خوش بختی کے خانے میں داخل ہورہا ہے اور جہاں پہلے سے زہرہ موجود ہے۔ مالی فائدہ ہونا طے ہے، بیرون ملک اور دوردراز سے آپ کو فائدہ ہوسکتا ہے۔

آن لائن بزنس سے بھی فائدہ ہوگا، خصوصاً چودھویں کا چاند جو کہ 6 اپریل کو ہورہا ہے ایسے وقت میں غیرمتوقع فائدہ ہوسکتا ہے۔ کوئی مہربان منافقانہ میٹھی چھری پھیر سکتا ہے، محتاط رہیں۔ آپ کی تحقیق اور خفیہ کاموں سے آپ کی جیب وزن دار ہوسکتی ہے۔

برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23اکتوبر
آپ کا سیارہ ابھی ٹھیک نہیں ہے، خطرات میں سوچ سمجھ کے کودیں، آپ اوور کانفیڈینس کا شکار ہوسکتے ہیں۔ آپ کی کوئی نامناسب سوچ، گفتگو یا قدم آپ کے لیے وبالِ جاں بن سکتا ہے۔ مریخ آپ کے عزت وقار کے خانے میں ہے۔

شمس سے تربیع قمر ہبوط میں کئی خرابیاں اور مسائل آپ کے قریب آتے نظر آتے ہیں۔ مخالفیں آپ کی سانس بند کردینا چاہتے ہیں۔ 7/8 تاریخوں کو کوئی زخم یا چوٹ کا اندیشہ موجود ہے، محتاط رہیں، مالی نقصان بھی ہوسکتا ہے۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر
کیتو آپ کے طالع میں ہے اور پلوٹو چوتھے خانے میں۔ یہ صورت حال آپ کی گوشہ نشینی کی سمت اشارہ کررہی ہے۔ اپنی ذات پر توجہ مرتکز ہوسکتی ہے۔ یہ کیفیت عرصہ دراز پر محیط ہوسکتی ہے۔

بزنس میں گرم جوشی کا امکان بالکل موجود ہے لیکن ایک ماتحت کام کرنے والا شخص آپ کی راہ کھوٹی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ دراصل آپ کی توجہ کم ہونے کی وجہ سے معاملات خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ ممکن ہے کچھ پہلو ابھی آپ کی نظر سے اوجھل رہیں، اس کا اندازہ آپ کو مستقبل قریب میں ہوجائے گا۔

برج قوس
سیارہ مشتری ، 23 نومبرتا 22 دسمبر
آپ کا سیارہ مشتری ایک گرم برج میں موجود ہے۔ پانچویں کا مالک بھی یہیں موجود ہے، لیکن مریخ کی نیت خراب ہے۔ آپ کی محبت دریا کے اس پار ہے اور گھڑا جو بظاہر پکا دکھائی دیتا ہے دراصل ایک فریب کے سوا کچھ نہیں، لیکن آپ کو ابھی سمجھانا بہت مشکل ہے۔ بس دعا ہی کی جاسکتی ہے۔ ایک بزرگ آپ کی مدد کرسکتا ہے۔ 7/8اپریل کو اپنا خیال رکھیں، کوئی چوٹ لگ سکتی ہے اور جذبات پر قابو رکھیں، آپ کی صحت، معدے اور ہڈیوں میں مسئلہ ہوسکتا ہے۔

برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری
آپ کے پانچویں خانے (تعلق، رشتہ، منگنی، شادی) کے امور متحرک ہورہے ہیں۔ یہ اس ہفتے کے شروع ہی سے ہونے جارہا ہے۔ پلوٹو آپ کی جیب میں آچکا ہے جوکہ آپ کی امیدوں کا نمائندہ ہے۔ دوست احباب کا تعاون اور کام یابی آپ کا مقدر ہوگی، جیب وزنی ہوگی اور یہ ایک لمبے عرصے تک جاری رہ سکتا ہے۔ کیتو اور مریخ کا ایک دوسرے کو دیکھنا کوئی تعلق جوڑ سکتا ہے اور کوئی تعلق ٹوٹ بھی سکتا ہے۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ آپ ایک اچھے تعلق کو گنوادیں، محتاط رہیں۔

برج دلو
سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری
آپ کے زائچے کے آبی بروج، جوکہ آپ کی جیب/کام اور کیریئر کے نمائندے ہیں، میں سیاروں کی بظاہر منفی روشنی نظر آرہی ہے۔ مالی اور مادی اسباب کے لیے ممکن ہے یہ ایک مشکل وقت ہو، مالی نقصان ہوسکتا ہے، کام میں کسی الجھن کا سامنا ہوسکتا ہے۔ پروفائل پر داغ لگ سکتا ہے، لیکن آپ کے تعلقات خاصے سرگرم ہورہے ہیں۔ آپ اگر کسی تحقیق اور چلہ کشی نوع کے کسی کام سے وابستہ ہیں تو آپ کو کام یابی مل سکتی ہے۔

برج حوت
سیارہ نیپچون، 20 فروری تا 20 مارچ
کسی پرانے دوست سے پھر سے تعلق کی بحالی یا رابطہ ہوسکتا ہے۔ عطارد اور زہرہ کا رابطوں کے خانے میں ہونا اس کی سمت اشارہ ہے۔ چاند آپ کی اولاد اور محبت کا سیارہ ہے اس کا کیتو اور عقرب سے متاثر ہونا اس کا اندیشہ ظاہر کررہا ہے کہ مذکورہ امور میں قلب شکنی اور ناامیدی کی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے، اپنی توانائی کا گراف نیچے نہ آنے دیں، اور صورت حال کے لیے ذہنی طور پر تیار رہیں۔
Load Next Story