بلاول کے افطارڈنر میں بھارتی سفارت کار کی شرکت

وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں مقیم سفارت کاروں کے ساتھ چارج ڈی افیئرز کو بھی دعوت دی تھی


Kamran Yousuf March 31, 2023
—فوٹو:ایکسپریس نیوز

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے اسلام آباد میں قائم ڈپلومیٹک کور کے لیے افطار ڈنر میں ایک سینئر بھارتی سفارت کار نے بھی شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے دارالحکومت میں مقیم سفارت کاروں کے ساتھ چارج ڈی افیئرز کو بھی دعوت دی۔ بھارت کی جانب سے دعوت قبول کی گئی اور سینئر بھارتی سفارت کار نے دفتر خارجہ میں عشائیہ میں شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق بھارتی سفارتکار وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ کے پاس بیٹھے تھے۔ حالیہ برسوں میں پاکستان اور بھارت کشیدہ حالت کی وجہ سے ایک دوسرے کو اس طرح کی تقریب میں مدعو کرنے سے گریز کرتے ہیں۔

دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری نے ڈپلومیٹ کور سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ تمام معاشروں میں ایسے لوگ موجود ہیںجو ناقابل یقین حد تک مشکل وقت کا سامنا کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ یہ ماننے کے لیے تیار ہیں کہ بہت سی مشکلات 'ہماری' اپنی بنائی ہوئی ہیں، ہمیں بعض فیصلوں کے معاشی نتائج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جو ہمارے اختیار میں نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو سیلاب کی صورت میں موسمیاتی تباہی کے تباہ کن اثرات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ اس میں ہمارا کوئی کردار ادا نہیں ہے، نوجوان نسل کو ان فیصلوں کے نتائج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جو انہوں نے نہیں کیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں