ملک کے 3 ہوائی اڈوں کو آؤٹ سورس کرنے کی کارروائی شروع

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک کے ہوائی اڈوں کو آؤٹ سورس کرنے کیلیے ٹرانزیکشن ایڈوائزری ایگریمنٹ مسودے کی مںظوری دے دی


Irshad Ansari March 31, 2023
(فوٹو فائل)

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک کے 3 ہوائی اڈوں کو آؤٹ سورس کرنے کیلیے ٹرانزیکشن ایڈوائزری ایگریمنٹ مسودے کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جمعرات کو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ای سی سی نے تین ہوائی اڈوں کی آوٴٹ سورسنگ کے لیے ٹرانزیکشن ایڈوائزری ایگریمنٹ (ٹی اے ایس اے) کے مسودے کی منظوری دے دی۔ ای سی سی نے تین ہوائی اڈوں کی آوٴٹ سورسنگ کے لیے لین دین کے مشیر کے طور پر بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن کی شمولیت سے متعلق وزارت ہوا بازی کی سمری کا جائزہ لیا۔

شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ایکٹ 2017 کے دائرہ کار میں تین ہوائی اڈوں کی آوٴٹ سورسنگ شروع کی گئی ہے تاکہ پرائیویٹ سرمایہ کار/ایئرپورٹ آپریٹر کو ایک مسابقتی اور شفاف عمل کے ذریعے ہوائی اڈوں کو چلانے، زمینی اثاثوں کو تیار کرنے اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے مواقع بڑھانے کے لیے شامل کیا جا سکے جبکہ آمدنی کی مکمل صلاحیت حاصل کرنے کے لیے عالمی بینک گروپ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کو لین دین کے مشیر کے طور پر اہل قرار دیا گیا ہے۔

ای سی سی نے تفصیلی بحث کے بعد تین ہوائی اڈوں کی آوٴٹ سورسنگ کے لیے پی سی سی اے کے ذریعے آئی ایف سے کے ساتھ طے پانیو الے ٹرانزیکشن ایڈوائزری ایگریمنٹ کے مسودے کی منظوری دے دی۔

علاوہ ازیں ای سی سی نے وزارت توانائی کی طرف سے پیش کردہ تین سمریوں پر بھی تفصیلی غور کے بعد منظوری دیدی ہے جس کے تحت میسرز ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (پی ایم سی ایل) کے حق میں ہلال اور اقبال کی دریافتوں پر تجارتی اور فیلڈ ڈویلپمنٹ پلان کی منظوری دی گئی ہے اور28 اگست2022 سے پولش آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ کے حق میں کیرتھر ایکسپلوریشن لائسنس بلاک پر دوسرے دو سال کی تجدید کی منظوری دی جبکہ میسرز ماری پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ایم پی سی ایل) کو غازی ونکی دریافت پر توسیعی کنویں کی جانچ کی اجازت دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ای سی سی نے رواں مالی سال کے لیے مختلف وزارتوں کو تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹس فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ای سی سی نے صوبہ سندھ میں ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد کے لیے وزارت توانائی (پاور ڈویڑن) کے کیلئے ساٹھ کروڑ76 لاکھ روپے کی سپلمنٹری گرانٹ کی منظوری دیدی ہے جبکہ خیبرپختونخواہ اور سندھ میں پائیدار ترقی کے اہداف(ایس ڈی جیز) اچیومنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی اسکیموں پر عمل درآمد کے لیے وزارت ہاوٴسنگ اینڈ ورکس کے لئے ایک ارب68 کروڑپچانوے لاکھ روپے کی ٹیکنکل سپلمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے جبکہ سابقہ فاٹا میں ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کے لیے وزارت ہاوٴسنگ اینڈ ورکس کے لئے پانچ ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلمنٹری گرانٹ کی بھی منظوری دیدی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔